لاہور۔22جنوری (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے پاکستان کا پہلا ”چیف منسٹر مینارٹی کارڈ” لانچ کردیا۔ایوان اقبال کمپلیکس میں ہندو، سکھ اور کرسچن سمیت دیگر برادری کے مرد وخواتین نے شرکت کی۔تقریب کے شرکا نے پاکستان زندہ باد کے نعروں سے وزیر اعلی مریم نواز کا خیر مقدم کی۔وزیر اعلی شرکا کے درمیان بیٹھ گئیں۔بشپ ندیم کامران اور سردار سرنجیت سنگھ، پنڈت لال نے دعائیں اور پراتھنا کیں۔
وزیر اعلی مریم نواز شریف نے اقلیتی مرد وخواتین کو مینارٹی کارڈ تقسیم کئے۔وزیر اعلی مریم نواز نے اے ٹی ایم مشین کے ذریعے سونیا بی بی کے مینارٹی کارڈ کی ٹرانزیکشن کا مشاہدہ کیا۔پنجاب میں50 ہزار خاندانوں کو سہ ماہی10500 روپے ملیں گے۔صوبائی وزیراقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے پنجابی میں خطاب کیا اور وزیر اعلی مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔وزیر اعلی مریم نواز نے مینارٹی کارڈ حاصل کرنیوالے مرد و خواتین کو مبارکباد دی۔وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف نے منیارٹی کارڈ کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتی برادری کی حفاظت اور زندگیوں میں بہتری لانا ہماری ذمہ داری ہے۔
مینارٹیز کی حفاظت کا فرض پوری ذمہ دار ی سے نبھا رہی ہوں۔اقلیتی برادری کے جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والوں کا راستہ پوری قوت سے روکیں گے۔ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کا بھی مساوی کردار ہے۔اقلیتوں کے لئے کوئی بھی خطرناک صورتحال ہو تو خود نگرانی کرتی ہوں۔پہلے دن ہی کہا کہ مینارٹی ہمارے لیے سرکا تاج ہیں۔وزیراعلی مریم نواز نے کہا کہ مینارٹی بہن، بھائی، بزرگوں اور بچوں کو احساس ہو کہ وہ بھی پاکستانی اور پنجابی ہیں۔سیاسی بیان نہیں بلکہ سب احساس ہو جائے کہ مینارٹی بھی وطن عزیزکا اتنا ہی حصہ ہیں جنتا دوسرے پاکستانیوں کا ہے، آپ کی پہچان سچے اور پکے پاکستانی ہے۔
تقریب میں ہندوں برادری، کرسچین اور سکھ برادری اور دوسرے مذاہب کے لوگ بھی موجود ہیں۔حقدار کو حق ملنے پر خوشی ہے، سب مذاہب ایک مضبوط لڑی میں پروئے ہیں۔ سبز ہلالی پرچم بھی سفید رنگ کے بغیر مکمل نہیں ہوتا۔ وزیراعلی مریم نواز نے کہا کہ پہلی بار کابینہ میں سکھ منسٹر کی تعیناتی پر پوری دنیا سے مبارکباد کے پیغام آئے۔انہوں نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جو شخص کسی غیر مسلم پر ظلم کرے گا،حق چھینے گا، طاقت سے زیادہ بوجھ ڈالے گا یا اس کی کوئی چیز اس کی مرضی کے بغیر لے گا تو قیامت کے دن میں اس کے خلاف گواہ بنوں گا۔اقلیتوں کے بارے میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی یہ حدیث اسلام کے اقلیتوں کے بارے میں رویے کا درس ہے۔ اقلیتوں کے بارے میں میرے والد محمد نوازشریف نے ہمیشہ اقلیت کہنے سے منع کیا۔تعداد میں تو کم ہونگے مگر پاکستانیت اور انسانیت میں کسی سے کم نہیں۔
سکھ، ہندو اور عیسائی برادری کے ہر تہوار میں شامل ہونا ضروری سمجھتی ہوں۔ سب سے پہلے مریم آباد چرچ میں گئی تو بتایا گیا کہ یہاں 103سال بعد کوئی حکمران آیا ہے۔ ہر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو ہولی اورایسٹر سمیت کسی بھی مذہب کا تہوار پر اقلیتی عبادت گاہوں اور ان کے محلوں کو سجانے کی ہدایت کی۔وزیراعلی مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مینارٹی کارڈ لانچ کیا ہے۔ منیارٹی کارڈ کے اجرا پرصوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ،ان کی ٹیم اور بینک آف پنجاب کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔
ہماری حکومت نے اقلیتی امور کے ڈیپارٹمنٹ کے بجٹ کو بڑھایا ہے۔ مینارٹی کارڈ سے 50 ہزار گھرانوں ساڑھے 10ہزار روپے ہر تین ماہ ملے گا۔ ساڑھے 10ہزار رقم کوئی زیادہ نہیں،آئندہ چند سالوں میں اس رقم کو بڑھائیں گے۔ 50 ہزار گھرانوں کو 75 ہزار گھرانوں تک لیکر جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ساڑھے 10ہزار روپے نہیں بلکہ محمد نواز شریف اور پنجاب حکومت کی طرف سے ہدیہ اور تحفہ ہے۔ہماری کوشش ہے کہ اقلیتی برادری کے عبادت گاہوں کو سجائیں گے۔اقلیتی برادری کو احساس دلایا ہے
آپ بھی ہمارے دل کے بہت قریب ہیں۔انہوں نے کہاکہ تہواروں پر مینارٹی گرانٹ 10ہزار سے بڑھا کر 15 ہزار کر دی گئی ہے۔ اقلیتی برادری کے محلوں اور مذہبی مقامات کو بھی ڈویلپ کررہے ہیں۔ مسیحی برادری کیلئے قبرستان چند ماہ میں تیار ہوجائے گا۔ اقلیتی برادری کے لئے سالانہ ترقیاتی بجٹ میں 60فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔