تیرہ سال پہلے چین کے ساتھ ایم ایل ون کا معاہدہ کیا تھا، 2020ءمیں ریلوے ٹریک بدلے گا اور پاکستان میں معاشی انقلاب برپا ہوگا،وفاقی وزیر شیخ رشید احمد

اسلام آباد ۔ 5 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مشیر خزانہ شیخ عبدالحفیظ کی زیر صدارت ایکنک اجلاس میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ مین لائن (ایم ایل ون) کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اس منصوبے پر 6.80 بلین ڈالر لاگت آئے گی ،13سال پہلے چین کے ساتھ ایم ایل ون کا معاہدہ کیا تھا۔ 2020ءمیں ٹریک …

اسلام آباد ۔ 5 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مشیر خزانہ شیخ عبدالحفیظ کی زیر صدارت ایکنک اجلاس میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ مین لائن (ایم ایل ون) کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اس منصوبے پر 6.80 بلین ڈالر لاگت آئے گی ،13سال پہلے چین کے ساتھ ایم ایل ون کا معاہدہ کیا تھا۔ 2020ءمیں ٹریک بدلے گا، اس سے پاکستان کی معیشت بدلے گی اور پاکستان میں معاشی انقلاب برپا ہوگا۔ بدھ کو اپنے ویڈیو پیغام میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے گذشتہ 13سالوں کے دوران اس منصوبے کو کھٹائی میں رکھا، ایم ایل ون منصوبے کا کریڈیٹ عمران خان کی حکومت کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے ٹریک 1861ءکا بنا ہوا ہے، اسی لئے اس پر حادثات بھی ہوتے تھے، اس ٹریک کو 1861ءکے بعد کسی نے ہاتھ نہیں لگایا، آج عمران خان کی حکومت اس ٹریک پر کام کرنے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے مین لائن ون (ایم ایل ون) منصوبے سے تمام کراسنگ ختم ہوجائیں گے، اسی سال اس منصوبے پر کام شروع ہوجائے گا، ریلوے کراسنگ پر اوور ہیڈ اور انڈر گراﺅنڈ برج بنیں گے، اس منصوبے سے ڈیڑھ لاکھ افراد کو روزگار ملے گا۔ وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبہ مکمل ہونے کے بعد ٹریک پر ٹرین کی رفتار 160کلومیٹر فی گھنٹہ ہو جائے گی، لاہور تا کراچی کا سفر 7 گھنٹے اور راولپنڈی تا لاہور سفر اڑھائی گھنٹے، ملتان تا لاہور دو گھنٹے میں طے ہوگا، یہ منصوبہ پاکستان کی تاریخ بدلنے کا منصوبہ ہوگا ۔ان شاءاﷲ تیزی سے اس منصوبے کو مکمل کریں گے، سٹرک کا جتنا رش ہے وہ ٹریک پر لائیں گے اور ٹریک کو اس قابل بنائیں گے کہ آئندہ کی نسلیں بھی یاد رکھیں کہ 1861ءکے بعد عمران خان کی حکومت نے ریلوے کے شعبے میں کوئی کام کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2020ءمیں ٹریک بدلے گا، اس سے پاکستان کی معیشت بدلے گی اور پاکستان میں معاشی انقلاب برپا ہوگا۔