تیسرا ٹی ٹوئنٹی بھی جیتنے کی کوشش کریں گے، ٹیم کی کارکردگی سے خوش ہوں، عثمان خان

لاہور۔31جنوری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے بلے باز عثمان خان نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم کی پرفارمنس پر خوشی ہے اور تیسرا ٹی ٹونٹی میچ بھی جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے دئیے گئے رول کے مطابق کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر کھلاڑی کی اولین ترجیح ٹیم کی ضرورت ہوتی ہے اور وہ …

لاہور۔31جنوری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے بلے باز عثمان خان نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم کی پرفارمنس پر خوشی ہے اور تیسرا ٹی ٹونٹی میچ بھی جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے دئیے گئے رول کے مطابق کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر کھلاڑی کی اولین ترجیح ٹیم کی ضرورت ہوتی ہے اور وہ بھی اسی سوچ کے ساتھ میدان میں اترتے ہیں۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئےعثمان خان نے کہاکہ جو بھی رول ٹیم مینجمنٹ مجھے دیتی ہے، میں اس کے مطابق اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتا ہوں۔ کوشش یہی ہوتی ہے کہ آئندہ میچز میں پہلے سے بہتر پرفارم کروں اور ٹیم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کروں۔تنقید کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عثمان خان نے کہا کہ تنقید کھیل کا حصہ ہے اور اسے کوئی نہیں روک سکتا۔تنقید چلتی رہتی ہے، یہ کرکٹ اور پروفیشنل اسپورٹس کا حصہ ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ ہم مثبت چیزوں پر توجہ دیں اور اپنی کارکردگی بہتر بناتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنقید کرنے والے صرف یہ سوچ لیں کہ ہماری فیملیز بھی ہیں ۔

قومی ٹیم کے اسپن بولر ابرار احمد کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے عثمان خان نے ان کی صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا کہ ابرار احمد کے پاس بہت ورائٹی ہے، ان کی گیندوں کو کھیلنا آسان نہیں ہوتا۔ وہ ایک کوالٹی اسپنر ہیں اور کسی بھی بیٹنگ لائن کے لیے چیلنج بن سکتے ہیں۔ اپنے بیٹنگ نمبر کے بارے میں سوال پر عثمان خان نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ ٹیم پلاننگ کے تحت ہوتا ہے۔مجھے جس نمبر پر بھیجا جاتا ہے وہ ٹیم کی پلاننگ اور ضرورت کے مطابق ہوتا ہے۔ میری کوشش ہوتی ہے کہ جس پوزیشن پر بھی کھیلوں، ٹیم کے لیے بہترین کارکردگی دکھاؤں۔

عثمان خان نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ ٹیم کی ضرورت کو اپنی ذاتی ترجیحات پر فوقیت دیتے ہیں، جو ٹیم کو ضرورت ہوتی ہے، میں اسی کے مطابق کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں، چاہے وہ تیز کھیلنا ہو یا اننگز کو سنبھال کر آگے بڑھانا۔عثمان طارق کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں عثمان خان نے کہا کہ وہ ایک اچھے باؤلر ہیں لیکن ان کے ایکشن کے بارے میں امپائرز ہی بہتر بتا سکتے ہیں۔

ہمارا کام میدان میں کھیلنا ہے، باقی فیصلے متعلقہ حکام کرتے ہیں۔آخر میں عثمان خان نے امید ظاہر کی کہ ٹیم آئندہ میچز میں مزید بہتر کارکردگی دکھائے گی اور شائقین کرکٹ کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔