تیونس کے ساحل پر کشتی ڈوبنے سے 4 تارکین وطن ہلاک، 7 لاپتہ

89

تیونس۔23جنوری (اے پی پی):تیونس کے ساحل کے قریب تارکین وطن کو یورپ لے کر جانے والی کشتی ڈوب گئی جس کے نتیجے میں 4تارکین ہلاک اور 7لاپتہ ہوگئے ہیں۔

عرب نشریاتی ادارے نے تیونس کی وزارت دفاع کے ترجمان محمد ذکری کی میڈیا بریفنگ کے حوالے سے بتایا کہ ساحلی شہر سفیکس کے قریبی جزیرے سے 32تیونسی باشندوں کو غیر قانونی طور پر تیونس سے اٹلی لے کر جانے والی کشتی ساحل سے کچھ دور بحرہ روم میں ڈوب گئی جس کے نتیجے میں 4تارکین ہلاک اور 7لاپتہ ہوگئے ۔انہوں نے کہا کہ بحریہ کے غوطہ خور وں نے ریسکیو آپریشن کے دوران 21 افراد کو بچا لیا ہے ۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ نے اپنے ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ سال سمندری راستے سے یورپ پہنچنے والے تقریباً 115,000 تارکین وطن میں سے 20 فیصد نے تیونس سے سفر شروع کیا ، تیونس سے نکلنے والا وسطی بحیرہ روم کا راستہ شمالی افریقا سے جنوبی اٹلی تک جاتا ہے،یہ یورپ کی طرف نقل مکانی کا سب سے مصروف اور پرخطر راستہ ہے۔