میرپور ۔ 25 ستمبر (اے پی پی) محکمہ امور حیوانات کے ضلع میر پور کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر زبیر جھرال نے کہا ہے کہ زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں 15 سے 20 مویشیوں کے فارم ہائوسز متاثر ہوئے ہیں، محکمہ کی 8 ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں زلزلہ سے مویشوں کو پہنچنے والے نقصانات کے جائزے اور زخمی جانوروں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے بھجوا دی گئی ہیں، جاتلاں روڈ پر میڈیکل کیمپ بھی قائم کردیا ہے۔ بدھ کو اے پی پی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ڈاکٹر زبیر جھرال نے بتایاکہ زلزلہ کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر وزیر لائیو سٹاک چوہدری اسماعیل اور محکمہ کے اعلیٰ افسران کی ہدایت پر فوری طورپر ٹیمیں بھجوا دی گئیں۔ متاثرہ علاقوں میں جانوروں کی اموات کی اطلاعات بھی ہیں۔ اس موقع پر چچیاں چوہان کے رہائشی فارم ہائوس کے مالک چوہدری اشتیاق نے بتایاکہ ان کے 40 مویشی کافارم ہائوس تھا جس کی عمارت مکمل تباہ ہو گئی ہے جبکہ 10 جانور زخمی ہوئے ہیں ۔ایک اور فارم ہائوس کے مالک چوہدری لیاقت علی نے بتایاکہ ان کا فارم ہائوس بھی مکمل تباہ ہوچکاہے جبکہ ایک اور فارم ہائوس کے مالک علی شان نے بتایاکہ ان کے فارم ہائوس کی عمارت مکمل تباہ ہو گئی۔