29.4 C
Islamabad
جمعہ, مئی 9, 2025
ہومتجارتی خبریںجاز کمپنی کی معاشی مشکلات کے باوجود 2023 میں 20.6 ارب روپے...

جاز کمپنی کی معاشی مشکلات کے باوجود 2023 میں 20.6 ارب روپے کی سرمایہ کاری

- Advertisement -

اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):جاز کی مقامی کرنسی میں مجموعی آمدن میں سالانہ بنیادوں پر 27 فیصد کی شاندار نمو کے باوجود 2023 کی تیسری سہ ماہی کے دوران امریکی ڈالر میں آمدن میں 3.5 فیصد کمی واقع ہوئی۔ آمدن میں کمی کی بنیادی وجہ پاکستانی روپے کی قدر میں سالانہ بنیادوں پر31 فیصد کمی کے علاوہ کاروباری لاگت ، نیٹ ورک کو چلانے کے لئے توانائی کی مد میں اخراجات اور شرح سود میں غیر معمولی سات فیصد تک اضافہ ہے ۔

جازکمپنی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان مشکلات کے باوجود جاز نے ڈیجیٹل اور مالی شمولیت پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے مارکیٹ میں اپنی قائدانہ پوزیشن برقراررکھی اور 2023 کے پہلے 9ماہ میں بالخصوص ’’فورجی فار آل‘‘پروگرام کے تحت 20.6 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جس سے پاکستان میں جاز کی مجموعی سرمایہ کاری کا حجم 10.6 ارب ڈالر ہوگیا۔سہ ماہی کے دوران زیادہ ترسرمایہ کاری ایک ہزار نئی فور جی سائٹس کو شامل کرنے میں صرف ہوئی جو کہ کمپنی کے صارفین کو سروس کے معیار میں مسلسل بہتری کو یقینی بنانے کے عزم کی عکاس ہے۔

- Advertisement -

نیٹ ورک کی توسیع نے جاز کے فور جی صارفین کی تعداد میں اضافہ میں اہم کردار ادا کیا جو سالانہ بنیادوں پر 6.4فیصد اضافہ کے ساتھ 43.2 ملین تک پہنچ گئی جس سے کمپنی کے مجموعی صارفین کی تعداد70.5 ملین ہو گئی۔جاز کے سی ای او عامر ابراہیم نے کہا کہ جاز کی طرف سے تسلسل کے ساتھ کی جانے والی سرمایہ کاری کے مثبت نتائج برآمد ہونا شروع ہوگئے ہیں جو جاز کے فن ٹیک، تفریحی اور کلاؤڈ پلیٹ فارمز سے حاصل ہونے والے حوصلہ افزا نتائج کی صورت میں دیکھے جاسکتے ہیں۔

عامر نے کمپنی کے منصوبوں کی مثبت رفتار پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ یہ سرمایہ کاری نہ صرف جاز کی خدمات کو بڑھاتی ہے بلکہ پاکستان کے تبدیل ہوتے ہوئے ڈیجیٹل منظر نامے میں بھی اپنا کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی کی طرف سے اپنے فورجی نیٹ ورک تک رسائی کو بڑھانے، کیپسٹی میں اضافہ اور ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے فروغ کیلئے سرمایہ کاری جاری ہے جبکہ کاروباری لاگت میں اضافہ کی وجہ سے ٹیلی کام انڈسٹری کی مالی حالت بری طرح متاثر ہوئی ہے جس کی وجہ ٹیلی کام سپیکٹرم کی قیمتوں کو امریکی ڈالر سے منسلک کرنے کی غلط پالیسی ہے۔انہوں نے ٹیلی کام لائسنس کی فیس کو امریکی ڈالر کے ساتھ منسلک کرنے کی پالیسی کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیا تاکہ شعبہ کی پائیداری کا تحفظ ہو اور پاکستان کی ترقی کیلئے ضروری ڈیجیٹل کنکٹی ویٹی کی فراہمی کو یقینی بنایاجاسکے۔

سہ ماہی کے دوران جاز کی ڈیجیٹل سروسز کی کارکردگی سے کمپنی کی ملک کے بڑے ڈیجیٹل آپریٹر کی پوزیشن کو تقویت ملی، جازکیش جو پاکستان میں مقبول ترین موبائل فن ٹیک ایپلی کیشن ہے، کے ماہانہ فعال اراکین کی تعداد 15.4 ملین تک پہنچ گئی ہے جس نے 1.3 ملین صارفین کو ڈیجیٹل قرضے فراہم کئے اور گزشتہ بارہ ماہ میں 5.3 ٹریلین روپے کی مجموعی ٹرانزیکشن ویلیو کے ساتھ سالانہ بنیادوں میں آمدن میں 77.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا۔

اس خوش آئند ترقی میں جاز کیش نیٹ ورک کے وسیع تر ہوتے تقربیا 210,000 فعال مرچنٹس اور 119,000 سے زائد فعال ایجنٹس کا اہم کردار ہے۔اس کے علاوہ 45 ملین صارفین کے ساتھ موبی لنک مائیکروفنانس نے پاکستان کے سب سے بڑے ڈیجیٹل بنیک کے طورپر اپنی پوزیشن کو برقراررکھا جس نے مذکورہ مدت کے دوران بالخصوص مائیکرو انٹرپرینیورز کے ساتھ ساتھ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری شعبوں کی سہولت کے لیے اوسط 283,000 روپے کے 35,000 قرضے جاری کئے۔اس کے ساتھ ساتھ کلاؤڈ پلیٹ فارم گرج جدید ترین کلاؤڈ اور سائبر سکیورٹی حل کے ساتھ 100سے زائد کاروباروں کو ڈیجیٹل معاونت فراہم کررہا ہے۔

اسی طرح کمپنی کا تیزی سے فروغ پاتا تفریحی پلیٹ فارم تماشا ایشیا کپ کے دوران ایپل ایپ سٹور اور گلوگل پلے پر سب سےزیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے والی ایپ کے طور پر ابھرا۔ٹورنامنٹ کے دوران پلیٹ فارم نے 14.4ملین منفرد شائقین کو خدمات فراہم کرکے پاکستان میں کھیلوں کے کسی بھی ایونٹ کیلئے ڈیجیٹل ویڈیو پلیٹ فارم پر شائقین کی سب سے زیادہ تعداد حاصل کی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=412822

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں