اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے کہا ہے کہ جاز کی پاکستان میں سرمایہ کاری 10 ارب 30 کروڑ ڈالرز سے تجاوز کر چکی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو جاز کے مالک ویون گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کان ترزیوگلو کی جاز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عامر ابراہیم کےہمراہ اپنےآفس میں کی گئی ملاقات کے موقع پر کیا۔
ویون گروپ کی ٹیلی کام سیکٹر اور ضروری آلات کی درآمد کے حوالے سے وفاقی وزیر آئی ٹی سے تفصیلی گفتگو کی۔ اس دوران وفاقی وزیر آئی ٹی کو سرمایہ کاری، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ٹیلی کمیونیکیشن کی صورتحال اور دیگر امور کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
سید امین الحق نے کہا کہ جاز نے گذشتہ 4 سال میں نیٹ ورک توسیع و بہتری میں ایک ارب ڈالرز سے زائد لگائے، یہ اعدادو شمار ظاہر کرتے ہیں کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اور سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم ملک ہے۔ ای صحت، ای تعلیم، ای زراعت اور ای کامرس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، ٹیلی کام سیکٹر میں صحت مند مقابلے کی فضا صارفین کو بہتر کنکٹیویٹی فراہمی کیلئے ضروری ہے، عوام کو بہتر کنکٹیویٹی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ٹیلی کام سیکٹر کی مشکلات کا حل بھی ہماری ترجیح ہے، وزیر اعظم ایڈوائزری کونسل میں ٹیلی کام سیکٹر کو درپیش مسائل کے حوالے سے تجاویز پیش کردی ہیں، جلد ہی ان پر مثبت فیصلے سامنے آئیں گے۔
ویون گروپ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کان ترزیوگو نے کہا کہ صحت مند اور مستحکم ٹیلی کام سیکٹر، ملک کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی بنیاد اور معیشت کے استحکام کیلئے ضروری ہے، مستحکم پالیسیاں، فعال ریگولیٹری فریم ورک اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر سے سرمایہ کاروں کو راغب کیا جساکتا ہے، سی ای او جاز عامر ابراہیم نے کہا کہ مسائل کے حل اورسازگار ماحول کی فراہمی سے منافع بہتر اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوتا ہے وہیں صارفین کو بہتر ڈیجیٹل سروسز مہیا کرنے کے اقدامات بھی تیز ہوتے ہیں، ملاقات میں سیکریٹری آئی ٹی محسن مشتاق، ڈی جی ٹیلی کمیویکیشن، سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=326237