جامشورو پیپلزپارٹی کا قلعہ ہے،میں اپنی عوام کی خدمت کرتا رہوں گا،وزیراعلی سندھ

102
Syed Murad Ali Shah

حیدرآباد۔ 30 نومبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پورے جامشورو میں اگر عوام کی خدمت کی ہے تو وہ پیپلز پارٹی نے کی ہے، دہشتگردوں نے 2007 میں شہید بینظیر بھٹو کو ہم سے چھین لیا،ان کے بعد صدرمملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو نے پارٹی کو سنبھالا، 15سالوں میں عوام نے پہلے سے زیادہ ووٹ دیئے ہیں،

جامشورو نے ہمیشہ سے روایت قائم کی اور ریکارڈ قائم کئے ہیں، جامشورو پیپلز پارٹی کا قلعہ ہے،میں اپنی عوام کی خدمت کرتا رہوں گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کوٹری ضلع جامشورو کے سچل گرائونڈ میں پی پی پی کے 57 ویں یوم تاسیس کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔

انہوں نے کہا کہ تمام کارکنان و جیالوں کا شکرگزار ہوں کہ آج یوم تاسیس پرآئے ہیں، پورے پاکستان کی عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 30 نومبر 1967 کو پارٹی کی بنیاد رکھی، شہید بھٹو نے ملک کوایٹمی قوت بنایا، سمٹ کانفرنس کا انعقاد کیا، شہید بھٹو نے عوام کو آواز دی اور ووٹ کی طاقت دی، عوام نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کو جتوایا ہے۔

تقریب میں ضلع جامشورو کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر موہن لال ، ضلع جامشورو کے صدرآصف علی شاہ ، رہنما پیپلز پارٹی و رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر سکندر علی شورو ، سکندر راہپوٹو ، گیانچند ایسرانی و دیگر عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔