جامعہ اسلامیہ مولن بیک برسلز میں محفل میلاد ، بیلجیئم ،لکسمبرگ اور یورپین یونین میں پاکستان کی سفیر ،پاکستانی برادری کی شرکت

113
Pakistani Ambassador Amna Baloch
Pakistani Ambassador Amna Baloch

برسلز۔3اکتوبر (اے پی پی):بیلجیئم ،لکسمبرگ اور یورپین یونین میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے کہا ہے کہ حضورؐ کی پوری زندگی ہم سب کے لیے بہترین نمونہ ہے، حضرت محمدؐ کی رواداری، امن، ہمدردی، استقامت، عاجزی، دیانت اور سخاوت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہم دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ وہ برسلز کی جامعہ اسلامیہ مولن بیک میں منعقدہ محفل میلاد البنی ؐ سے خطاب کر رہی تھیں ۔

پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں زندگی کے تمام شعبوں میں یکساں مواقع فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے حضرت محمدؐ کی بیٹی بی بی فاطمہ ؓ کی طرف توجہ مبذول کراتے ہوئےسماجی انصاف، ہمدردی اور علم کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کی تعریف کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بی بی فاطمہؓ نے مسلم خواتین کے لیے ایک غیر معمولی رول ماڈل کے طور پر کام کیا۔انہوں نے حضرت محمدؐ کی زوجہ محترمہ حضرت بی بی عائشہؓ کی حیات طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضرت عائشہ ؓ کی بے مثال ذہانت، اسلامی تعلیمات کے بارے میں ان کی گہری سمجھ دنیا بھر کے مسلمانوں کو متاثر کرتی رہیں۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ان شاندار مثالوں پر عمل پیرا ہو کر ہم خواتین کی بے پناہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکتے ہیں اور انہیں معاشرے کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے قابل بنا سکتے ہیں۔انہوں نے برادریوں پر زور دیا کہ وہ صنفی مساوات کو فروغ دیں، معیاری تعلیم تک رسائی کو یقینی بنائیں اور ایسا ماحول بنائیں جو خواتین کی ترقی کو فروغ دے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اسلام میں خواتین کے بااثر کردار کو تسلیم کرتے ہوئے ہم اجتماعی طور پر ایک زیادہ مساوی اور جامع معاشرے کے لیے کام کر سکتے ہیں۔

محفل میلاد میں برسلز میں موجود پاکستانی برداری کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک، نعتوں اور تقاریر سے کیا گیا جس میں حضور اکرمؐ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی۔علمائے کرام نے اپنے خطاب میں سیرت النبی ؐ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور امت مسلمہ کی خیر خواہی کے لیے دعا کی۔