جامعہ زرعیہ فیصل آباد میں انسٹیٹیوٹ آف ہارٹیکلچرکے زیراہتمام سالانہ گل داؤدی کی نمائش اختتام پذیر

205
Daisy exhibition has concluded
Daisy exhibition has concluded

فیصل آباد۔ 13 دسمبر (اے پی پی):جامعہ زرعیہ فیصل آباد میں انسٹیٹیوٹ آف ہارٹیکلچرکے زیراہتمام جاری تین روزہ سالانہ گل داؤدی کی نمائش اختتام پذیر ہوگئی جس میں طلبہ اور دیگر زرعی اداروں کی جانب سے خوبصورت رنگوں سے لبریز کھلتے پھولوں کے سٹالز نے فطرت سے محبت کرنے والوں کو اپنی طرف توجہ کیا۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمد سرورخاں نے کہا کہ معاشرے میں محبت، بھائی چارے اور صبر کی خوشبو کو عام کر کے عدم برداشت، نفرت اور مایوسیوں کو خوشحالی اور امن میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر احمد ستار، ڈاکٹر امجد اولکھ،ڈاکٹر محمد جلال عارف، ڈاکٹر جعفر جسکانی،ڈاکٹر افتخار احمد، ڈاکٹر شاہد ابن ضمیر، ڈاکٹر عامر جمیل، ڈاکٹر فاروق اعظم،رانا اسلم خاں، ڈاکٹر محسن بشیر، ڈاکٹر رائے آصف، ڈاکٹر عثمان، ڈاکٹر فاطمہ و دیگربھی موجود تھے۔

پروفیسر ڈاکٹرسرورخاں نے کہا کہ پھول ہمیں معاشرے میں محبت اور امن کا پیغام دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھائی چارے اور احترام کی خوشبو کو پھیلاکر نہ صرف پر امن معاشرہ تشکیل دیتے ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ملکی ترقی کو بھی یقینی بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پھولوں کی مذکورہ نمائش نے طلبہ کو تخلیقی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے مواقع فراہم کئے۔انہوں نے کہا کہ افراد کی اخلاقی تربیت کو اخوت اور محبت سے مزین کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ ڈاکٹر احمد ستار نے کہا کہ فلوریکلچر کو فروغ دے کر بھاری زرمبادلہ کما تے ہوئے نہ صرف کاشتکاروں کی معاشی حالت کو بہتر کیاجاسکتا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ روزگار کے نئے مواقع بھی فراہم ہونگے۔

ڈاکٹر جعفر جسکانی نے بتایا کہ نمائش میں گل داؤدی کی متعدد اقسام نمائش کے لیے رکھی گئی تھیں جبکہ طلبہ نے پھولوں کی مصنوعات پر مبنی اپنے بزنس پلان کے سٹالز بھی لگائے۔ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ پھول معاشرے میں پھیلی نفرتوں کو محبت میں تبدیل کرنے کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے صحت مند اور خوبصورت مقابلوں سے نوجوانوں میں مسابقت کا رجحان پیدا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پھولوں کا حسن انسان کو پریشانیوں کی فضا سے باہر نکالتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی تخلیقات کی طرف متوجہ کرتا ہے اور یہ پھول تازگی کا احساس فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے تین روزہ شاندار نمائش کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔