
اسلام آباد ۔06 نومبر (اے پی پی) بحرین میں پاکستان کے سفیر جاوید ملک نے کہاہے کہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے دورہ سے پاکستان اور سلطنت بحرین کے مابین تعلقات کو نئی تقویت ملے گی۔ اتوار کو یہاں موصولہ پیغام میں پاکستان کے سفیرجاوید ملک نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں پارلیمانی وفد کے تین روزہ سرکاری دورہ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ دورہ بحرین کے نمائندگان کی کونسل کے سپیکر احمد ابراہیم الملا کی دعوت پر کیا جارہا ہے جودونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کے مابین قریبی برادرانہ تعلقات کے استحکام، فروغ اور وسعت دینے میں معاون ثابت ہوگا۔ دورہ کے دوران سپیکر سردار ایاز صادق اپنے ہم منصب احمد ابراہیم الملا کے علاوہ بحرین کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین علی بن صالح الصالح سے ملاقاتیں کریں گے اور بحرین کی پارلیمنٹ کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔