جاپانی وزیراعظم کا جون کے وسط میں دورہ ایران پر غور

68

ٹوکیو ۔ 25 مئی (اے پی پی) جاپانی وزیراعظم شنزو آبے بظاہر امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرانے کے لیے ایران کا دورہ کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ 1978ءکے بعد سے کسی جاپانی وزیر اعظم کا یہ پہلا ایسا دورہ ہوگا۔جاپانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ شنزوآبے جون کے وسط میں ایرانی صدر حسن روحانی کے ساتھ ملاقات کے لیے ایران کا دورہ کرنے کا سوچ رہے ہیں۔ یہ توقع ہے کہ وہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ پیر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹوکیو میں ملاقات کے بعد کریں گے۔شنزو آبے ایران کے ساتھ روایتی دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وہ 2013ءسے ہر سال نیویارک میں جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر صدر روحانی سے ملتے رہے ہیں۔