اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):جاپان میں پاکستانی سفارتخانہ اور جاپان ایکسٹرنل ٹریڈ آرگنائزیشن (جیٹرو ) پاکستانی ورکرز کو جاپانی مارکیٹ میں کام کے مواقع فراہم کرنے کے لئے ایک خصوصی آن لائن جاب فیئر منعقد کریں گے۔ جیٹرو جاپان اور باقی دنیا کے درمیان باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے کام کرنے والی ایک تنظیم ہے جس کا بنیادی مقصد جاپان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور چھوٹی سے درمیانے درجے کی جاپانی فرموں کی عالمی برآمدی صلاحیت کو زیادہ سے زیادہ کرنے میں مدد دینا ہے۔
پاکستانی سفارتخانہ نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پاکستانی شہریوں کو مطلع کیا کہ پاکستان کے لئے مخصوص تقریب سے پہلے جیٹرو 29 جنوری سے یکم فروری 2024 تک ایک اور آن لائن جاب فیئر کا انعقاد کر رہا ہے۔پاکستانی ورکرز بالخصوص آئی ٹی اور دیگر انجینئرز اور ہنر مند کارکن جو جاپانی جاب مارکیٹ کے بارے میں جاننے میں دلچسپی رکھتے ہیں وہ اس تقریب میں شامل ہو سکتے ہیں۔ جاب فیئر میں شامل ہونے کے خواہشمند اس لنک (https://gakujo-webevent.com/jetro/) کے ذریعے اپنی رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔