جاپان کی پاکستان میں سیلاب مینجمنٹ پراجیکٹ کے لئے 18.5 ملین ڈالر کی گرانٹ منظوری

98

اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):جاپان نے پاکستان میں سیلاب مینجمنٹ پراجیکٹ کے لئے 18.5 ملین ڈالر کی گرانٹ منظوری دیدی ہے ۔

بدھ کو اقتصادی امور ڈویژن کی طرف سے جاری بیان کے مطابق جاپان اور پاکستان کی حکومتوں کے درمیان سیلاب مینجمنٹ کو بہتر بنانے کے منصوبے’’دریائے سندھ میں سیلابی انتظام کو بہتر بنانا‘‘ کے لیے امدادی گرانٹ کے حوالے سے تقریب وزارتِ اقتصادی امور میں منعقد ہوئی جس کی منظوری وفاقی وزیر احد چیمہ نے دی۔جاپان کی حکومت نے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے ذریعے حکومتِ پاکستان کو 2.831 ارب جاپانی ین (18.5 ملین امریکی ڈالر) کی امداد منظور کی ہے۔

اس منصوبے کا مقصد سیلاب کی پیش گوئی اور کنٹرول کو بہتر بنانا، آفات کے خطرے کو کم کرنے کے لیے بنیادی ڈیٹا اکٹھا کرنا اور انسانی اور اقتصادی نقصانات، بشمول انفراسٹرکچر کو کم کرنا ہے۔اس منصوبے میں ہائیڈرولوجیکل اور ہائیڈرولک مشاہداتی نیٹ ورک کی تعمیر اور 2022 کے سیلاب سے متاثرہ دریائی ڈھانچوں کی بحالی شامل ہے۔ یہ منصوبہ سیلاب مینجمنٹ کے اداروں کی صلاحیت میں اضافے میں بھی معاون ثابت ہوگا اور مستقبل میں سیلاب کے خطرے کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔منصوبے پردستخط سیکرٹری وزارتِ اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیازاور جاپان کے سفیر وادا متسوہیرو نے اپنی حکومتوں کی جانب سے کیا۔ڈاکٹر کاظم نیاز نے جاپان کی حکومت اور عوام کا قیمتی تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ دونوں ممالک کے درمیان مزید بامعنی تعاون کے لیے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔

جاپان کے سفیر وادا متسوہیرو نے یقین دلایا کہ ان کی حکومت پاکستان کی حکومت کے ساتھ مل کر دوستانہ تعلقات اور دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام کرے گی۔