جنیوا۔2نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے کہا ہے کہ غزہ میں جبالیہ مہاجر کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملے جنگی جرائم کے مترادف ہیں۔
حماس کی زیرانتظام حکومت کے مطابق غزہ میں اس سب سے بڑے مہاجر کیمپ پر اسرائیل کے حملوں میں کم از کم 195 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کے ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد شہری ہلاکتوں اور تباہی کے پیمانے کو دیکھتے ہوئے، ہمیں شدید خدشات ہیں کہ یہ غیر متناسب حملے ہیں جو جنگی جرائم کے زمرے میں آسکتے ہیں ۔
اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل فار ہومینیٹیرین افیئرز اینڈ ایمرجنسی ریلیف کوارڈینیٹر مارٹن گریفتھس نے ایک بیان میں کہا کہ جبالیہ مہاجر کیمپ پر حملے غزہ کے لوگوں پر ڈھائے جانے والا تازہ ترین ظلم ہے جہاں لڑائی ایک اور بھی خوفناک مرحلے میں داخل ہو گئی ہے، جس کے خوفناک انسانی نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ دنیا یا تو ان مظالم کو روکنے سے قاصر یا پھر وہ اس کے لئے تیار نہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ صورتحال جاری نہیں رہ سکتی ہمیں کسی بڑے اقدام کی ضرورت ہے۔
قبل ازیں اقوام متحدہ نے غزہ کے سب سے بڑے پناہ گزین کیمپ پر حملوں کی مذمت کی ہے ۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کے ترجمان سٹیفن دوجارک کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں بڑھتے ہوئے تشدد خوفناک ہے۔ سکریٹری جنرل نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ تمام فریقین کو بین الاقوامی انسانی قانون کی پاسداری کرنی چاہیے ۔