اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ جب تک ملک معاشی طور پر خود کفیل نہیں ہو گا تب تک ترقی ممکن نہیں،ملکی ترقی میں کاروباری طبقہ کا اہم کردار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی )کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینیٹر نصیب اللہ بازئی بھی موجود تھے۔
تقریب کا انعقادچیمبر کےسابقہ صدورکو خراج تحسین پیش کرنے اور ایوارڈز دینے کے لئے کیا گیا تھا۔تقریب میں صدر آئی سی سی آئی، کاروباری اور کاروباری برادری کے ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کاروباری بزنس پاکستان کا چہرہ ہے، 70سالوں میں جتنے مشکل حالات ہم نے دیکھے ہیں شاید ہی کسی قوم نے دیکھے ہوں ، اگلے سال مارچ میں سینیٹ کی گولڈن جوبلی میں اسلام آباد چیمبر کی شرکت ہونی چاہئے، اسلام آباد چیمبر ملک بھر کے چیمبرز کی نمائندگی کرتا ہے، بیرونی دوروں پر اسلام آباد چیمبر کے نمائندگان کو بھی ساتھ آنے کی دعوت دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جب تک پاکستان خودکفیل نہیں ہوگا تب تک ترقی ممکن نہیں، آسیان، مشرق بعید اور دیگر ممالک کیلئے برآمدات بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر اور سینیٹ آف پاکستان مل کر پاکستان کی ترقی کیلئے کام کریں گے۔ آج کل کے دور کی ضروریات کے مطابق قانون سازی کی جائے، ملک کی ترقی میں کاروباری طبقہ کا کلیدی کردار ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے تقریب میں مدعو کرنے پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا۔چیئرمین سینیٹ نے چیمبر کے تمام سابقہ صدور کو مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔