جدہ ۔16دسمبر (اے پی پی):سعودی وزیر مواصلات و لاجسٹک خدمات کے انجینئر صالح الجاسر نے ٹیکسیوں سے متعلق نیا حکم جاری کیا ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق سعودی وزیر نے ریاض، مدینہ منورہ، جدہ اور دمام میں ٹیکسی پرمٹ کے اجرا اور گاڑیوں کو ٹیکسی میں شامل کرنے کی نئی درخواستیں وصول کرنے پر پابندی لگاتے ہوئے کہا کہ مذکورہ شہروں میں مزید گاڑیاں ٹیکسیوں میں شامل کرنے اور ٹیکسیوں کے نئے پرمٹ کے اجرا کےلیے درخواستوں کی وصولی بند کردی جائے گی۔سعودی وزیرنے کہا کہ اس پابندی سے اتھارٹی کو پہلے سے موصول درخواستیں مستثنی ہوں گی،
جو افراد 15دسمبرسے قبل اپنی گاڑیوں کو ٹیکسیوں میں شامل کرانے یا ٹیکسی پرمٹ کے اجرا کی درخواستیں دے چکے ہیں ان کی درخواستیں موثر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاض، مدینہ منورہ جدہ اور دمام شہروں میں ٹیکسیوں کے پرمٹ میں توسیع کی جائے گی۔