جدہ حج کانفرنس و نمائش ،ہلال الاحمر کے سٹال میں امدادی کاموں کے لیے مخصوص جدید گاڑیاں بھی موجود

133
Jeddah International Airport
Jeddah International Airport

جدہ۔15جنوری (اے پی پی):سعودی عرب کے شہر جدہ کی حج کانفرنس و نمائش میں مختلف خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے ساتھ ہلال الاحمر کا سٹال بھی ہے جہاں امدادی کاموں کے لیے مخصوص جدید گاڑیوں کو رکھا گیا ہے۔ایس پی اےکے مطابق حج کانفرنس و نمائش میں ہلال الاحمر کے سٹال پر موجود امدادی گاڑیوں میں فوروہیلر ایمبولینس وزیٹرز کی خاص توجہ کامرکز بنی رہی، یہ نامساعد حالات اور غیرمعمولی مقامات پر باسانی سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے،جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ اس ایمبولینس میں ہنگامی حالات میں استعمال ہونے والے آلات اور ادویات موجود ہوتی ہیں اور یہ ایسے راستوں سے باسانی گزرسکتی ہے جن سے عام گاڑیاں نہیں گزرسکتیں۔ہلال الاحمر کے پولین میں ’سپائیڈر‘ نامی موٹر سائیکل بھی غیرمعمولی طورپر توجہ کا مرکز رہا،یہ اژدہام والے مقامات پر فوری طبی امداد فراہم کرنے کےلیے انتہائی اہم ہے جس میں ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے آکسیجن سلنڈر و دیگر طبی آلات موجود ہیں۔مشرق وسطی کی سطح پر اپنی نوعیت کی پہلی ہیوی ڈیوٹی ایمبولینس ’طمیہ‘ بھی نمائش کے لیے رکھی گئی ہے جو پانی اور خشکی پر بغیر کسی رکاوٹ کے سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے،اس ایمبولینس میں بیک وقت دو مریضوں اور 6 افراد کی گنجائش ہے۔ طمیہ ایمبولینس 19 گھنٹے تک مسلسل کام کرسکتی ہے جبکہ 65 گھنٹے سے زیادہ مدت کےلیے سٹینڈ بائی پوزیشن میں بھی رکھا جاسکتا ہے۔