جدہ میں چینی قونصل جنرل کا السرین آثار قدیمہ سائٹ کا دورہ

78
Chinese Consul General
Chinese Consul General

جدہ۔20جنوری (اے پی پی):جدہ میں چینی قونصل جنرل وانگ کیمین نے سعودی، چینی مشترکہ پراجیکٹ کے کام کے جائزہ بارے اللیث کمشنری میں السرین پورٹ کے آثار قدیمہ کے مقام کا دورہ کیا۔اردو نیوز کےمطابق چینی قونصل جنرل کو کام کے مختلف مراحل اور اب تک کے اہم نتائج سے آگاہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ السرین پورٹ سائٹ میری ٹائم سلک روٹ کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی نمائندگی کرتی ہے۔یہ پراجیکٹ سعودی ہیریٹج کمیشن اور چین کی نیشنل کلچرل ہیریٹج ایڈمنسٹریشن کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے ایگزیکٹیو پروگرام کا حصہ ہے۔

اس اقدا م کا مقصد اس مقام پر آثار قدیمہ کی تلاش کی کوششوں کو آگے بڑھانا، یونیورسٹیوں اور بین الاقوامی ورثے کے تحقیقی مرکز کے ساتھ شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔یہ سعودی عرب اور چین کے درمیان ثقافتی تعلقات کو مستحکم کرنے میں بھی مدد کررہا ہے۔ واضح رہے کہ السرین آثار قدیمہ اللیث گورنریٹ کے سب سے اہم مقامات میں سے ایک ہے جو دو ہزار سال سے زیادہ عرصے سے عرب اور چینی تہذیبوں کے درمیان ایک اہم کڑی کے طور پر کام کررہی ہے۔اس میں قدیم تہذیبوں کے آثار بھی موجود ہیں جو کبھی اس خطے میں آباد تھے۔