جدہ کے نئے ائیرپورٹ سے پروازوں کا آغاز

94

جدہ ۔ 9 اگست (اے پی پی) جدہ شہرکے نئے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے جمعہ کے روز ابوظبی، مسقط اور بحرین کیلئے پروازوں کی آمد و رفت شروع ہوگئیںہیں۔سعودی محکمہ شہری ہوابازی کی جانب سے جاری کردہ اعلان میں کہا گیا ہے کہ 9 اگست بروز جمعہ کو جدہ کے نئے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے ٹرمینل نمبر۔1سے ابوظبی انٹرنیشنل ائیرپورٹ ، بحرین انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور مسقط انٹرنیشنل ائیرپورٹ کیلئے پروازوں کی آمد و رفت کا باقائدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔محکمہ شہری ہوابازی کے مطابق جدہ کے نئے ائیرپورٹ سے بین الاقوامی پروازوں کا سلسلہ بتدریج بڑھایا جائے گا۔ابوظبی اور بحرین انٹرنیشنل ائیرپورٹ کیلئے جمعہ سے یومیہ ایک پرواز چلائی جائے گی جبکہ مسقط ائیرپورٹ کیلئے ہفتے میں 4 پروازیں چلائی جائیں گی۔ واضح رہے کہ مذکورہ نئے ائیرپورٹ سے21 داخلی ہوائی اڈوں باحہ ، دوادمی ، القیصومہ ، تبوک ، ینبع ، القریات ، عر عر ، الوج ، العلاء الہفوف ، طریف ، جیزان ، شرورہ ، طائف ، الجوف ، بیشہ ، حائل ، رفحائ، وادی الدواسر ، ابہا اور نجران کیلئے پروازیں چلائی جا چکی ہیں۔