راولپنڈی۔15اپریل (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ویژن ہے کہ غریب کے بچے بھی اعلیٰ اور جدید تعلیم حاصل کریں تاکہ معاشرے میں تعلیم کی بنیاد پر مساوات قائم ہو سکے۔ اب مزدوروں اور محنت کشوں کے بچوں کو بھی مہنگے پرائیوٹ سکولوں کی طرز پر معیاری اور جدید تعلیم سرکاری سکولوں میں مفت فراہم کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نےراولپنڈی شہر کے مختلف سرکاری سکولوں کے دورہ اور سالانہ انعامات تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سی ای او ایجوکیشن امان اللہ خان چھینہ، ڈاکٹر مقبول احمد خان، ڈی ای او ڈاکٹر گل احمد سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ غریب طبقہ مہنگی تعلیم برداشت نہیں کر سکتا، اسی لیے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سرکاری اسکولوں کو معیاری بنایا جائے گا۔ اسکولوں میں جدید لیبارٹریز، فرنیچر اور اساتذہ کی کمی کو دور کرنے جیسے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے سی ای او اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اسکولوں کی بہتری کے لیے بھرپور محنت کر رہے ہیں۔
دریں اثناء گرلز کالج نمبر 2 مری روڈ میں محکمہ تعلیم کے فیلڈ افسران کا اجلاس منعقد ہوا جس میں تعلیمی دوروں، افسران کی کارکردگی اور رپورٹنگ کے نظام پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈی ای او نے افسران کو ہدایت دی کہ وزٹ پلانز وقت پر جمع کرائیں اور اساتذہ کی حاضری سمیت اسکولوں کے مسائل کی روزانہ رپورٹنگ کی جائے۔ اجلاس میں "مسنگ فیسلٹیز” کی نشاندہی بھی کی گئی جس پر بیرسٹر دانیال چوہدری نے فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی۔
قبل ازیں مختلف اسکولوں میں داخلہ لینے والے بچوں میں کتابیں تقسیم کی گئیں اور شجرکاری مہم کا آغاز بھی کیا گیا۔ ڈی اے وی کالج روڈ اور گرلز ہائی سکول نمبر 2 مری روڈ میں پودے لگا کر "کلین اینڈ گرین پنجاب” مہم کو فروغ دیا گیا۔ طلباء و طالبات نے جوش و جذبے کے ساتھ شجرکاری میں حصہ لیا اور درختوں کی حفاظت کا عزم ظاہر کیا۔ بیرسٹر دانیال نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے اور یہ مہم ماحول کی بہتری کے لیے انتہائی اہم ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582528