جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ماڈل ضلع بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،ڈپٹی کمشنر لورالائی

لورالائی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ماڈل ضلع بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، ڈپٹی کمشنر

کوئٹہ۔ 24 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع سے ضلع کی مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندہ وفود نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار نعمان خان ناصر، جمعیت علمائے اسلام کے عطاء اللہ شاہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شمس حمزہ زئی اپنے وفود کے ہمراہ شریک ہوئے۔ملاقات کے دوران ضلع لورالائی کو درپیش اہم عوامی مسائل، شہری سہولیات، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، صحت و تعلیم کے شعبوں میں درپیش چیلنجز، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، صفائی ستھرائی کی صورتحال اور بی ایس ڈی آئی کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سیاسی رہنماؤں نے عوام کو درپیش مسائل اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے حوالے سے اپنی تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع نے کہا کہ بی ایس ڈی آئی کے تحت جاری منصوبوں میں عوامی ضروریات اور مقامی آبادی کی نشاندہی کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے تاکہ ترقیاتی اقدامات کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچ سکیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی فلاح و بہبود، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور شہری مسائل کے مستقل حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور شفاف تکمیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات میسر آسکیں۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ لورالائی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ایک ماڈل ضلع بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ سڑکوں کے انفراسٹرکچر کی بہتری، شہری نکاسی آب کے نظام کی اصلاح، تعلیمی اداروں اور صحت کے مراکز کی بہتری سمیت مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔سیاسی رہنماؤں نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لورالائی کی ترقی، عوامی مسائل کے حل اور بہتر طرز حکمرانی کے لیے مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف عوام کا معیارِ زندگی بہتر ہوگا بلکہ لورالائی صوبے کے ترقی یافتہ اضلاع میں نمایاں مقام حاصل کرے گا۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور عوامی مفاد کے منصوبوں پر باہمی مشاورت اور رابطوں کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔a

مزید خبریں