اسلام آباد۔15اپریل (اے پی پی):چین میں جدید زرعی ٹیکنالوجی کی تربیت حاصل کرنے کے لئے ایک ہزار زرعی گریجویٹس کو چین بھجوائے جانے کے پروگرام کے تحت پہلا بیج کل (بدھ ) کو روانہ ہوگا۔ذرائع کے مطابق 3 سے 6 ماہ کے دورانیے کے یہ کورسز 10 مختلف شعبہ جات میں ہوں گے۔
ان کورسز میں فارم میکانائزیشن ، بیج کی پیداوار اور پروسیسنگ ٹیکنالوجیز، پھلوں اور سبزیوں کی پروسیسنگ، آبپاشی کے جدید نظام، آبی زراعت، خصوصاً جھینگوں کی افزائش و پروسیسنگ، اعلی ٰ ٹیکنالوجی بشمول ڈرون ، انٹرنیٹ اور اے آئی، فصل کی افزائش اور جینومکس (کپاس، ہائبر چاول، سبزیاں، دالیں، گندم وغیرہ) اور مویشیوں کی افزائش اور جینومکس شامل ہیں۔ پہلے بیج میں 300 نوجوان روانہ ہوں گے جبکہ بقیہ 700 دو مراحل میں چین جائیں گے۔
چین کے نامور ٹریننگ انسٹیٹیوٹ نارتھ ویسٹ ایگریکلچر اینڈ فاریسٹری یونیورسٹی، ینگلنگ ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل کالج صوبہ شانسی چین میں یہ ٹریننگ دی جائے گی۔حکومت نے بلوچستان کے طال علموں کے کوٹہ سے بھی 10 فیصد نشستیں مختص کی ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582184