برلن۔12فروری (اے پی پی):جرمنی کے شہر ہیمبرگ کے مضافاتی علاقے میں ٹرین اور ٹرک میں تصادم سے ایک شخص ہلاک اور 12 سے زائد زخمی ہوگئے۔ جرمن نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو کے مطابق فائر ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان نے بتایا کہ انٹرسٹی ایکسپریس (آئی سی ای) ٹرین شمال مغربی شہر بریمن کی طرف جارہی تھی کہ اس دوران ہیمبرگ کے ضلع رونیبرگ میں کراسنگ پر ریل کی پٹریوں سے لدے ٹرک سے ٹکرا گئی ۔
حادثے کے باعث ایک شخص ہلاک ہو گیا جبکہ 12 سے زائد زخمی ہو گئے۔ حادثے کی وجہ فوری طور پر واضح نہیں ہو سکی۔لوئر سیکسنی میں ہیمبرگ۔ہاربرگ اور ماشین کے درمیان لائن کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا اور دیگر ٹرینوں کا رخ موڑ دیا گیا۔