جرمنی میں ترکیہ کے معروف ڈونر کباب کی قیمت محدود کرنے کا مطالبہ

جرمنی میں ترکیہ کے معروف ڈونر کباب کی قیمت محدود کرنے کا مطالبہ

برلن ۔9مئی (اے پی پی):جرمنی کی سیاسی جماعت ڈائی لنکے نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جرمن عوام میں انتہائی مقبول ترکیہ کے ڈونر کباب کی قیمت محدود کی جائے۔اردو نیوز کے مطابق ڈائی لنکے پارٹی نے عام لوگوں کی پسند کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈونر کباب کا یومیہ واؤچر فراہم کرنے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔

پارٹی کی جانب سے ڈونر کباب کی قیمت متعین کرنے کے لیے بھی کہا گیا ہے جس میں عام قیمت 4.90 یورو اور نوجوانوں کے لیے 2.90 یورو تک محدود کی جانی چاہئے۔کباب کی قیمت میں تخفیف کرنے کی سکیم لاگو کرنے پر حکومت کو تقریباً 4 ارب یورو خرچ کرنا پڑیں گے۔

واضح رہے کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد سے جرمنی میں رہائش اختیار کرنے والے ترک تارکین وطن نے ڈونر کباب متعارف کرائے تھے جو اب علاقائی ذائقے کے مطابق تیار کئے جاتے ہیں۔یہ خاص قسم کے کباب جرمنی میں قومی ڈش کے طور پر بھی پسند کئے جاتے ہیں لیکن اب ڈونر کباب کی بڑھتی ہوئی قیمت ایک سیاسی مسئلہ بن گئی ہے۔

ڈائی لنکے پارٹی نے بتایا ہے کہ جرمنی کے چند شہروں میں ڈونر کباب کی قیمت 10 یورو تک پہنچ گئی ہے جو 2 سال قبل صرف 4 یورو تھی۔جرمنی میں گرینز پارٹی کی قانون ساز خاتون حنا سٹین مُلر نے کہا ہے کہ گھر کے باہر کھانا پسند کرنے والے نوجوانوں کے لیے اس وقت یہ ایک اہم مسئلہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں علم ہے کہ عام لوگوں کا یہ مسئلہ نہیں لیکن نوجوان طبقہ جو ہمارے ووٹرز کی نمائندگی کرتا ہے ہم ان کا یہ نقطہ نظر سمجھنے کے پابند ہیں۔