جرمنی پاکستان کا بڑا تجارتی شراکت دار ہے، دونوں ملکوں کے مابین دیرینہ، طویل المدتی گہرے تعلقات ہیں، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا پاکستان جرمنی سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب

105

اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جرمنی پاکستان کا بڑا تجارتی شراکت دار ہے، دونوں ملکوں کے مابین دیرینہ، طویل المدتی گہرے تعلقات ہیں۔پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال میں بہتری اور کاروبار میں آسانی ، جرمن سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع فراہم کرتا ہے۔یہ باتیں انہوں نے جمعرات کو پاکستان جرمنی سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر وزارت خارجہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ 1951 سے پاکستان اور جرمنی نے سفارتی تعلقات کا طویل سفر طے کیا ہے ، پاکستان جرمنی کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے والے پہلے ایشیائی ممالک میں شامل تھا۔پاکستان اور جرمنی کے مابین دیرینہ، طویل المدتی گہرے تعلقات ہیں۔ درحقیقت ہمارے باہمی تعلقات جمہوریت ، تنوع ، امن اور سلامتی کی مشترکہ اقدار سے وابستہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط ، پارلیمانی تبادلے اور عوام سے عوام کے رابطے بڑھ رہے ہیں۔

ہمارا اسٹریٹجک ڈائیلاگ گزشتہ سال منعقد ہوا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اپنی توجہ معاشی ترجیحات پر مرکوز کیے ہوئے ہے۔پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال میں بہتری اور کاروبار میں آسانی کے انڈیکس میں پاکستان کی درجہ بندی میں اضافہ ، جرمن سرمایہ کاروں کے لیے، پاکستان میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع فراہم کرتا ہے۔ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ جرمنی پاکستان کے بڑے تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے۔ مزید یہ کہ پاکستان کے جرمنی کیساتھ ثقافتی تعلقات ہمارے رسمی دو طرفہ تعلقات سے بھی قدیم ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے قومی شاعر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے ایک صدی قبل ہیڈلبرگ اور میونخ میں تعلیم حاصل کی۔ڈاکٹر علامہ اقبال جرمن ثقافت اور عوام کے معترف تھے ۔ اقبال کا پیغام ” (پیام مشرق)” گوئٹے کے دیوان کو خراج تحسین اور دوستانہ جواب کے طور پر لکھا گیا تھا۔ہمارے دو عظیم شعراءنے مشرق اور مغرب کے مکالمے کے آغاز اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ٹھوس بنیاد کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان 70 سالہ سفارتی تعلقات کی سالگرہ کے موقع پر ان دونوں عظیم ہیروز اقبال رح اور گوئٹے کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے لیے ڈاک ٹکٹ جاری کرے گا۔

ثقافتی لحاظ سے ، گوئٹے انسٹی ٹیوٹ کراچی اور اس سے وابستہ اینمیری شمیل ہاوس لاہور نے ہمارے مشترکہ ثقافتی پیغام کو پھیلانے اور دونوں ممالک کو قریب لانے میں قابل تحسین کردار ادا کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ جذام کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک پاکستانی جرمن ڈاکٹر روتھ فاو کا مثالی کام اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ انسانیت حدود و قیود سے بالاتر ہے ۔انہوں نے کہا کہ جرمنی میں مقیم پاکستانی مختلف شعبہ جات میں اہم اور مثبت کردار ادا کرتے ہوئے جرمنی کی معاشی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔

پاکستانی طلباءاعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے جرمنی کو ترجیح دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جرمنی میں پاکستانی نژاد شہریوں نے اپنے شعبوں میں گرانقدر خدمات سرانجام دیں اور ملک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ پاکستان جلد اس 70 سالہ تاریخی سفارتی تعلقات کے حوالے سے ایک یادگاری سکہ جاری کرے گا۔