پاکستان میں سیاحت اور سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں، دبئی ایکسپو کے پہلے ہفتے میں 55 ہزار سے زائد افراد نے پاکستانی پویلین کا دورہ کیا، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود

اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرازاق داؤد نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاحت اور سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں، دبئی ایکسپو کے پہلے ہفتے میں 55 ہزار سے زائد افراد نے پاکستانی پویلین کا دورہ کیا جبکہ ہفتہ کے آخری تین دنوں میں 20 ہزار سے زائد وزیٹرز پاکستانی پویلین آئے، پاکستان کے فنکاروں میں بے پناہ تخلیقی صلاحیتیں ہیں جو پاکستان کا حقیقی چہرہ دنیاکو دکھاتے ہیں۔

جمعرات کو یہاں ایک بیان میں مشیر تجارت نے کہا کہ تمام وزیٹرز کا شکریہ جو پاکستانی پویلین آئے اور پاکستانی ثقافت میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی پویلین کا دورہ کرنے والوں نے پاکستانی ثقافت کے تنوع کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جو ردعمل ملا وہ زبردست اور بڑی تعداد میں وزیٹرز کا آنا توقعات کے برعکس تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بہترین ملک ہے جسے غلط انداز میں پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت اور سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے فنکاروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور مہارتوں سے سامعین کو پاکستان کا اصل اور مثبت تشخص دکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دبئی ایکسپو یکم اکتوبر 2021 سے 31 مارچ 2022 تک جاری رہے گی جس میں پاکستان کو پوری دنیا میں رابطہ کاری کا موقع ملے گا، ایکسپو کے ان 6 ماہ میں 192 ممالک کے لاکھوں وزیٹرز حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی تاجروں کو اس ایکسپو کے ذریعے پوری دنیا میں اپنا نیٹ ورک بنانے میں مدد ملے گی۔

پاکستان کے معروف فنکار رشید رانا کے فن پاروں کو پاکستانی پویلین میں رکھا گیا۔ پویلین کا دورہ کرنے والے افراد کو نور جہاں بلگرامی نے ان فن پاروں کے بارے میں آگاہ کیا جو پاکستان کی اندرونی کہانی کے عکاس تھے، یہ فن پارے پاکستانی تاریخ اور ثقافت کوبھی ظاہر کر رہے تھے۔ پاکستانی پویلین کو مختلف حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا تاکہ دورہ کرنے والوں کو پاکستان کے بارے میں مکمل آگاہی فراہم کی جا سکے۔ میکسیکو سے آئے ایک وزیٹر نے کہا کہ میں پاکستان کی تاریخ اور کلچر کے بارے میں معلوم کرکے بہت متاثر ہوا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صنعت اور سیاحت کے شعبوں میں بہت مواقع موجود ہیں اور میں جلد پاکستان کا دورہ کرنے کیلئے پرعزم ہوں۔

روس سے ایک وزیٹر نے کہا کہ پاکستانی پویلین بہت شاندار ہے، پاکستان گہری تہذیب و ثقافت اور قدرتی طور پر حسین ہے، میں حیران ہوا ہوں کہ مجھے توقعات سے زیادہ معلومات حاصل ہوئی ہیں۔ عمان سے آئے ایک اور وزیٹر نے کہا کہ پاکستانی پویلین بہت خوبصورت ہے ، میں کبھی پاکستان نہیں گیا لیکن یہاں سے حاصل ہونے والی معلومات کے بعد میں پاکستان جانے میں بہت دلچسپی رکھتا ہوں۔