پشاور۔ 28 مارچ (اے پی پی)چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، نیب افسران قومی فریضہ سمجھ کر کرپشن کے خاتمے کیلئے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ بدعنوان عناصر سے قوم کے لوٹے گئے 303 ارب روپے قومی خزانہ میں جمع کرائے جو ایک ریکارڈ کامیابی ہے۔ جمعرات کو چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے نیب خیبر پختونخوا کا دورہ کیا اور صوبے میں نیب کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈی جی نیب خیبرپختونخوا مجاہد اکبر بلوچ نے ادارے کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے، نیب” احتساب سب کے لئے“ کی پالیسی پر ملک بھر سے بدعنوانی کے خاتمہ کے لئے قانون کے مطابق بلا تفریق عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب خیبرپختونخوا کی کارکردگی نیب کی مجموعی کارکردگی میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے، بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے اس کے خاتمہ کے لئے نیب افسران قومی فریضہ سمجھ کر فرائض سرانجام دے رہے ہیں، نیب نے بدعنوان عناصر سے قوم کے لوٹے گئے 303 ارب روپے قومی خزانہ میں جمع کرائے جو ایک ریکارڈ کامیابی ہے۔