جس ملک میں کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں ہسپتال غیر آباد ہوتے ہیں، قاسم سوری

416

اسلام آباد ۔ 03نومبر(اے پی پی) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے کھیلوں کا فروغ ضروری ہے، جس ملک میں کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں ہسپتال غیر آباد ہوتے ہیں، موجودہ حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے ملک میں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کوبحریہ انکلیو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی میرا تھن ریس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ کھیل اور ورزش جسمانی صحت کے لیے ضروری ہیں، جسم مضبوط ہو گا تو دماغ بھی صحت مند اور توانا ہو گا جس کی وجہ سے انسان کی سوچ مثبت ہو گی اور وہ معاشرے میں اپنا فعال کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ایک بہتریں اتھلیٹ رہ چکے ہیں اور ہر مشکل کا مقابلہ کرنے کی بہترین صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت ملک کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں کامیاب ہو گی جس سے ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو گا۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے میرا تھن کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارک باد دی اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔بعدازاں ڈپٹی اسپیکر نے میرا تھن میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں ایوارڈ اور میڈل بھی تقسیم کیے۔