جس نے جو کیا وہ ضرور بھگتے گا، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے، پاکستان تحریک انصاف بلا تفریق احتساب پر یقین رکھتی ہے، چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی

71

اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ جس نے جو کیا وہ ضرور بھگتے گا، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے، پاکستان تحریک انصاف بلا تفریق احتساب پر یقین رکھتی ہے، ہمیں ایک مہذب قوم کی طرح اداروں کو مضبوط کر کے امیر اور غریب کا فرق دور کرنا ہے، وزیراعظم عمران خان نہ دبائو میں آتے ہیں اور نہ ہی پاکستان تحریک انصاف کے بنیادی نظریئے پر کوئی سمجھوتہ کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم نے یوم شہدائے کشمیر پر کشمیری عوام اور فلسطین کے نہتے معصوم لوگوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ہے، پوری پاکستانی قوم، پارلیمان، حکومت اور اپوزیشن سب نے دنیا کو ایک واضح پیغام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین پاکستان تحریک انصاف کے اہم رکن ہیں، ان کے پی ٹی آئی پر احسانات ہیں لیکن جب بات حق اور سچ کی آئے تو وزیراعظم عمران خان کی فلاسفی ہے کہ جس نے جو بھی کیا ہے وہ خود بھگتے گا، قانون سے بالاتر کوئی نہیں ہے، جہاں تک انصاف کی بات ہے جہانگیر ترین کے ساتھ انصاف کیا جائے گا لیکن تحقیقات میں اور عدالت نے جس کو بھی مورد الزام ٹھہرایا تو انصاف کے معاملے میں مثال قائم کی جائے گی، ہم حق پرستی کی راہ پر چل رہے ہیں اور اللہ تعالی ہمیں سرخرو کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان مافیاز کے خلاف لڑ رہے ہیں، آج تمام سیاسی جماعتیں ایک اصول اپنا لیں کہ جس کسی پر بھی کوئی الزام ہے وہ اس کو کلیئر کرنے کے بعد پارلیمان میں آئے، اگر وہ کلیئر نہیں کر سکتے تو کسی سیاسی جماعت کا ایسے شخص کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہوگا، ایسا کرنے سے نظام درست ہو سکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ کسی پریشر گروپ کو برداشت نہیں کریں گے، پریشر گروپ اور لوٹا کریسی کو ختم ہونا چاہیے، جہانگیر ترین گروپ کے لوگ پاکستان تحریک انصاف کا حصہ ہیں، اگر پارٹی میں اراکین کو کچھ ایشوز ہوں تو ان سے بات کی جاتی ہے۔