جشن یوم آزادی کے موقع پر گورنرسندھ کی مزار قائد پر حاضری،پھولوں کی چادر چڑھائی

127

کراچی۔ 14 اگست (اے پی پی):یوم آزادی پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔گورنر سندھ نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے اور مزار قائد کے احاطے میں پرچم کشائی بھی کی۔بعد ازاں میڈیا کے نماٸندوں سے گفتگو کرتے ہوٸے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ آج ہم نے مزار قائد کے سامنے عہد کیا ہے جس مقصد کے لئے پاکستان بنایا گیا اس پر عمل کرنے کی کوشش کریں گے،قوم کا جذبہ آج بھی بلند ہے،وہ دن دور نہیں جب پاکستان معاشی طور پر اپنے پیروں پر کھڑا ہوگا۔

گورنرسندھ نے کہا کہ ایس آئی ایف سی منصوبہ پاکستانی کی معیشت کی ترقی کے لئے سنگ میل ثابت ہوگا۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ارشد ندیم کا اولمپکس میں گولڈ میڈل لے کرآنا اور مل کر جشن آزادی منانا نوید ہے کہ ہم فرد نہیں ایک قوم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے فوجی اور پولیس کے جوانوں نے جان دیکر ملک کی خدمت کی ہے،تمام شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔

گورنرسندھ نے کہا کہ آج گورنر ہاوس میں لاکھوں پاکستانی مل کر قومی ترانہ پڑھ کر ریکارڈ قائم کریں گے،گلوکار عاطف اسلم عوام کے لیے پرفارم بھی کریں گے،تمام لوگوں کو آج گورنر ہاوس میں دعوت عام ہے ،ارشد ندیم بھی گورنر ہاوس آرہے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اپنے ملک کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے،ہر ایک فرد کو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کےلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ آنے والے دنوں میں ملک کی ترقی میں آئی ٹی شعبہ معیشت کی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گا۔