ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک انیل سعید کی زیر صدارت ضلعی کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس اے ڈی سی جی آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈرگ کنٹرولر، محکمہ صحت، پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی
جعلی ادویات تیار کرنے، فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے،اے ڈی سی جی اٹک

مزید خبریں
اٹک۔ 04 اگست (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک انیل سعید کی زیر صدارت ضلعی کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس اے ڈی سی جی آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈرگ کنٹرولر، محکمہ صحت، پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع بھر میں جعلی، غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ ادویات کی روک تھام، عطائیت کے خلاف جاری کارروائیوں اور ادویات کی فروخت کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر متعلقہ افسران نے بورڈ کو ضلع میں کیے گئے اقدامات، جاری آپریشنز اور آئندہ کی حکمت عملی کے بارے میں بریفنگ دی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انیل سعید نے ہدایت کی کہ جعلی ادویات تیار کرنے، فروخت کرنے اور سپلائی کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے اور ایسے افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری اور محفوظ ادویات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس لیے اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے عطائیت کے خاتمے کے لیے بھی کارروائیاں مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ غیر مستند اور غیر قانونی طور پر علاج معالجہ کرنے والے افراد انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں، لہٰذا ان کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے۔








