لاہور۔6اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطااللہ تارڑ کی والدہ ساجدہ فاروق تارڑ نے اتوار کے روز حلقہ این اے 127کے علاقہ فاروق ایونیو جوہر ٹاؤن جی بلاک کا دورہ کیا اور سینئر لیگی رہنما میاں خرم کی رہائش گاہ پر کارکنان سے ملاقات کی۔وفاقی وزیر اطلاعات کی کوآرڈینیٹر برائے کلچر و نیشنل ہیریٹیج فرح دیبا، سابق کونسلر مہر فواد، کوآرڈینیٹر ومن ونگ این اے 127 رابعہ افضل، کوآرڈینیٹر یوتھ ونگ حمزہ، سعدیہ حیدر اور دیگر اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں ساجدہ فاروق تارڑکو حلقہ کے مسائل کے بارے آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر انہوں نے حلقہ میں ترقیاتی کاموں اور عوامی مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور جلد ہی ملک میں استحکام اور ترقی کا نیا دور شروع ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اعتماد ہے اور پارٹی بھی عوام کی امیدوں پر پورا اترے گی۔انہوں نے کہا کہ بنیادی سہولتوں کی فراہمی آپ کا حق ہے اور جسے ہم ہر صورت پورا کرینگے ،عوام سے کیا ایک ایک وعدہ پورا کیا جائے گا۔