لاہور۔25دسمبر (اے پی پی):گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے حکومت کیساتھ ملکر چلنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلسوں ،لانگ مارچ اور دھر نوں سے مسائل حل نہیں ہونگے سب کو مل بیٹھنا ہوگا۔ ملک دشمن طاقتوں کو متفقہ پیغام جانا چاہیے کہ ہم سب ایک ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کیخلاف سازش …
جلسوں ،لانگ مارچ و دھر نوں سے مسائل حل نہیں ہونگے ،سب کو مل بیٹھنا ہوگا،گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور کاتقریب سے خطاب و میڈیا سے گفتگو

مزید خبریں
لاہور۔25دسمبر (اے پی پی):گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے حکومت کیساتھ ملکر چلنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلسوں ،لانگ مارچ اور دھر نوں سے مسائل حل نہیں ہونگے سب کو مل بیٹھنا ہوگا۔ ملک دشمن طاقتوں کو متفقہ پیغام جانا چاہیے کہ ہم سب ایک ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کیخلاف سازش میں کامیاب نہیں ہوسکتی۔ وہ جمعہ کے روز گور نر ہائوس لاہور میں کر سمس اور قائد اعظم محمد علی جناح کی سالگرہ کے حوالے سے کیک کاٹنے کی تقر یب سے خطاب اورمیڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔اس موقع پر بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبد الخبیر آزاد اور مفتی عاشق حسین سمیت سکھ اور ہندو کیمونٹی کے نمائندگان بھی موجود تھے۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ بھارت کے جنگی جنون کی وجہ سے پاکستان کو آجکل جو چیلنجز درپیش ہیں ان سے نمٹنے اور ملکی ترقی وخوشحالی کیلئے ضروری ہے کہ ٹکرائو اور محاذ آرائی کی سیاست کا خاتمہ کیا جائے اس لئے میں پی ڈی ایم سمیت تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے کہتا ہوں کہ وہ سیاسی اور ذاتی مفادات سے بالاترہوکر ملک وقوم کے مفادات کا تحفظ کر نے کیلئے حکومت کا ساتھ دیتے ہوئے ایک پیج پرآجائیں۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ بھارت اپنی حر کتوں سے باز آجائے 22کروڑ پاکستانی ملکی دفاع کے تحفظ کیلئے افواج پاکستان کیساتھ ہیں جب بھی بھارت نے پاکستان کیخلاف کوئی حر کت کی تو اس کو ایسا جواب دیں گے کہ اسکی آنیوالی نسلیں بھی اس کو یاد کر یں گی ۔گورنرپنجاب نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیرکو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا اور آج بھی کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے آج کے دن ہم کشمیری بہن بھائیوں کو بھی یقین دلاتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پوری پاکستانی قوم آپ کیساتھ ہے۔چوہدری محمد سرور نے کرسمس کے تہوار پر دنیا بھر کی مسیحی برادری کومبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مذہبی رواداری، اخوت، بھائی چارے اور اقلیتوں کے حقوق کی مکمل حمایت اور پاسداری کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری نے قیام پاکستان اور تعمیر پاکستان میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ مسیحی بھائیوں نے تمام قومی شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا بھی منوایا اور پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں مزید نے کہا کہ ہمارا آئین اقلیتوں کے حقوق کی مکمل پاسداری کرتا ہے۔ یہاں اقلیتوں کو جتنی آزادی ہے کسی اور ملک میں نہیں ہے۔








