جلسوں سے کورونا پھیلنے کے ساتھ ساتھ عوام کی زندگیوں اور معیشت کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے، سینیٹر فیصل جاوید

اسلام آباد۔23نومبر (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسوں سے کورونا پھیلنے کے ساتھ ساتھ عوام کی زندگیوں اور معیشت کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے، اپوزیشن جماعتیں پشاور میں جلسہ کر کے توہین عدالت کی مرتکب ہوئی ہیں، ان کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر پہلے سے زیادہ خطرناک ہے اور سب کو اس بات کا احساس ہے، اس وقت جلسے جلوس کرنا ٹھیک نہیں ہے، حکومت نے عوام کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے جلسے ملتوی کر دیئے ہیں، اسی طرح اپوزیشن جماعتوں کو بھی چاہیے کہ وہ سیاسی سرگرمیاں معطل کر کے ذمہ داری کا ثبوت دیں۔ فیصل جاوید نے کہا کہ حکومت نے کورونا کی پہلی لہر کو بہتر طریقے سے ہینڈل کیا، دنیا نے پاکستانی اقدامات کی تعریف کی، اسی طرح اب بھی ہم سب کو وبا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔