اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کے چئیرمین سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ جلسوں کی وجہ سے کورونا کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ جمعہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 111 افراد کورونا کے باعث انتقال کر گئے- یہ دوسری لہر کی ایک دن میں اموات کی سب سے بڑی تعداد ہے، پی ڈی ایم نے لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلسوں کی وجہ سے کورونا کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہو رہا ہے، یہ سب کچھ محض اپنی چوری اور کرپشن بچانے کے لئے کر رہے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے ،انہوں نے کہا کہ احتیاط بہت ضروری ہے، اپوزیشن والوں کو بھی کہتے ہیں کہ احتیاط کریں،محض اپنی چوری بچانے کے لئے لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں نہ ڈالیں۔