اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی بردری کی خاموشی اسے مزید مظالم ڈھانے کی شہ دے رہی ہےاسے توڑنا ہوگا،نوجوانوں کو دنیا کے سامنے پاکستان کا بیانیہ بنانا ہوگا،آج دنیا میں بیانیہ کی جنگ ہے،مضبوط پاکستان کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے۔ ان خیالات کا اظہار جمعرات کو اسلام آباد میں ’’ مسئلہ کشمیر …
جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی بردری کی خاموشی بھارت مظالم ڈھانے کی شہ دے رہی ہے،اسے توڑنا ہوگا،سردار مسعود خان و دیگر کا سمپوزیم سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی بردری کی خاموشی اسے مزید مظالم ڈھانے کی شہ دے رہی ہےاسے توڑنا ہوگا،نوجوانوں کو دنیا کے سامنے پاکستان کا بیانیہ بنانا ہوگا،آج دنیا میں بیانیہ کی جنگ ہے،مضبوط پاکستان کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے۔
ان خیالات کا اظہار جمعرات کو اسلام آباد میں ’’ مسئلہ کشمیر کی موجودہ صورتحال اور حل کی کوششیں‘‘ کے موضوع پر منعقدہ سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا۔ سابق صدر آزاد جموں و کشمیر و امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر سردار مسعود خان نے کہا کہ میں کشمیر کا باشندہ ہونے کے ناطے کشمیریوں کا وکیل ہوں،آزاد کشمیر کی صدارت سے بہت پہلے میں امریکا میں پاکستان کے سفیر سمیت عالمی فورمز پر ذمہ داریاں نبھا چکا اور کشمیر کے حالات سے بخوبی آگاہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر محض علاقائی تنازعہ نہیں عالمی سطع پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانا اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر کے عوام نے آزادی کی تحریک 100 سال قبل شروع کی ،یہ تحریک پاکستان سے پرانی ہے،وہ افغان حکمرانوں اور مہاراجہ کے خلاف برسر پیکار رہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے حال ہی میں بھارت کے خلاف جنگ جیتی جس کا عالمی سطح پر اعتراف کیاجارہا ہے۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ دنیا میں اس وقت جنگ ہتھیاروں سے زیادہ بیانیہ بنانے کی ہے،یہ نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ سوشل میڈیا اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اس کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور پاکستان کے حق میں دنیا میں بیانیہ بنائیں ۔
انہوں نے کہا کہ دوسرا اہم نکتہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی ہے، مضبوط ومستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آبادی اور معیشت کے اعتبار سے دنیا کا بڑا ملک ہے،نوجوانوں کو نئی ٹیکنالوجی کا چیلنج قبول کرنا ہوگا۔تحریک نوجوانان پاکستان کے سربراہ عبداللہ گل نے کہا کہ مودی نے پہلے کشمیر کی بنیادی حیثیت تبدیل کرنے کی حماقت کی اور پھر پاکستان کے ساتھ جنگ چھیڑ دی اور منہ کی کھائی۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے مودی کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بے نقاب کردیا ہے،کشمیر میں جس طرح انسانی قتل عام کیا گیا اس کی مثال نہیں ملتی۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت تھی اس لئے یہ پاکستان کا حصہ تھا،بھارت کی غیر قانونی فوج کشی تک کشمیر میں تمام سرکاری عمارتوں پر پاکستان کا جھنڈا لہرایا جاتا رہا۔انہوں نے کہا کہ 2025 میں بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوا،معرکہ حق نے بھارتی تسلط کا نام نہاد غرور خاک میں ملا دیا۔ عبداللہ گل نے کہا کہ پاکستان کی فوج کا پہلا اور آخری نشان حیدر کشمیر میں شہادت پر ملا،وہاں ہماری فوج سرحدوں کی محافظ ہیں،وہ اپنے ملک کے لئے جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت جنگ کے بعد عالمی اور اندرونی سطح پر بے نقاب ہوچکا ہے،معرکہ حق درحقیقت کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی تائید ہے،اس معرکے نے کشمیر کے تنازعے کو فلیش پوائنٹ بنا دیا ہے اور اس مسئلے میں نئی روح پھونک دی،بھارت اس شکست کو کبھی بھول نہیں پائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو ہر بین الاقوامی فورم پر انسانی المیے کے طور پر اجاگر کیا جارہا ہے،عالمی برادری کی خاموشی بھارت کو مزید مظالم ڈھانے کی شہ دے رہی ہے، یہ خاموشی توڑنی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے پاس الحاق پاکستان کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ۔حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا کہ ہم فیلڈ مارشل کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے بلاخوف وخطر اپنے دشمن کا مقابلہ کیا اور اسے شکست فاش دی۔
انہوں نے کہا کہ ہم یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ غزہ میں بورڈ آف پیس کی طرز پر کشمیریوں کے لئے بھی بورڈ آف پیس بننا چاہیے،بھارت طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کی آواز نہیں دبا سکتا، وہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں براہ راست ملوث ہے۔انہوں نے کہا کہ میں عوام میں جہاں بھی گئی وہاں ہرجگہ یاسین ملک اور کشمیریوں کا ساتھ دینے کا عزم ظاہر کیاگیا۔








