اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض افواج خواتین کی عصمت دری کو جنگی ہتھیار کے طورپراستعمال کر رہی ہیں،دنیا کشمیر کی خواتین کی حالت زار پربھی توجہ دے۔
پیر کو خواتین کےعالمی دن کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کی خواتین کی حقوق کے حوالے سے مشعال ملک نے اپنے پیغام میں کہا کہ دنیا بھر میں عالمی یوم خواتین منایا جارہا ہے،خواتین نے مختلف شعبوں میں اپنا مقام حاصل کیا۔مشعال ملک نے کہا کہ ہر سوسائٹی میں خواتین نے ترقی کی اور اپنا لوہا منوایا،دنیا مقبوضہ کشمیر کی خواتین کی حالت زار کو بھی دیکھے،
مقبوضہ کشمیر میںعورت ہونا سب سے بڑا جہاد ہے،وہاں جوان بیٹوں کی مائیں شہیدوں کی مائیں کہلواتی ہے۔مشعال ملک نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں خواتین کو اپنے بیٹوں شوہروں ، بھائیوں اور دیگر عزیزوں کے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں مارے جانے پر آنسو بہانے کا حق ہی دیا گیا ہے ۔
مشعال ملک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی عورت کو سدا سہاگن رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔مشعال ملک نے دنیا بھر کی عورتوں سے سوال کیا کہ کیا مقبوضہ کشمیر کی عورت ،عورت نہیں ہے،عورتوں کے حقوق تو درکنار،کشمیریوں کو انسان ہونے کا حق نہیں دیا جارہا۔