جموں و کشمیر کے تنازعہ کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے لیے بین الاقوامی برادری کے فعال کردار کی ضرورت ہے، سفیر فیصل نیاز ترمذی

236
Ambassador Faisal Niaz Tirmizi
Ambassador Faisal Niaz Tirmizi

ابوظہبی۔5اگست (اے پی پی):ابوظہبی میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے جموں و کشمیر کے تنازعہ کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے لیے بین الاقوامی برادری کے فعال کردار کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔

انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں پاکستان کے سفارت خانے کی جانب سے 5 اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرنے کے لئے بھارت کے غیر قانونی اقدام کے 5 سال مکمل ہونے کے موقع پر یوم استحصال کشمیر کی تقریب میں کہی۔ تقریب میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں کے ایک گروپ نے شرکت کی۔

سفیر فیصل نیاز ترمذی نے یوم استحصال کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور بھارتی غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارت کی بربریت کا ذکر کیا جس کے نتیجے میں کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی جاری ہے۔ انہوں نے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں سمیت بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔

انہوں نے جموں و کشمیر کے تنازعہ کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے لیے بین الاقوامی برادری کے فعال کردار کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کشمیریوں کو ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی منصفانہ جدوجہد میں سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت فراہم کرنے کے پاکستان کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ تقریب کے دوران بھارتی غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم اور کشمیریوں کی حالت زار کی عکاسی کرنے والی خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔