اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جمہوریت اور مضبوط جمہوری نظام ہی قوم کو درپیش تمام چیلنجز کا کلیدی حل ہے، جمہوریت عوام کو بااختیار بنانے اور سماجی و اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر اتوار کو اپنے خصوصی پیغام میں سید یوسف رضا گیلانی نے ملک کی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے جمہوری عمل میں تسلسل برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالہ سے انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دیں۔ سید یوسف رضا گیلانی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ صرف ایک مضبوط اور متحد جمہوری نظام ہی ملک کی خوشحالی کی ضمانت دے سکتا ہے۔ انہوں نے جمہوری اداروں کے استحکام کے لیے اجتماعی کوششوں پر بھی زور دیا۔