دریائے ستلج میں ہائی فلڈ الرٹ جاری، بھارتی ڈیمز سے پانی کے اخراج سے صورتحال سنگین ہوگئی،

اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے دریائے ستلج میں غیر معمولی طور پر بلند سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہائی فلڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے مطابق، گنڈا سنگھ والا میں دریائے ستلج کا بہاؤ 335,591 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جو کہ انتہائی بلند سطح ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق، یہ اضافہ بھارتی ڈیمز، پونگ اور بھاکرا …

اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے دریائے ستلج میں غیر معمولی طور پر بلند سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہائی فلڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے مطابق، گنڈا سنگھ والا میں دریائے ستلج کا بہاؤ 335,591 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جو کہ انتہائی بلند سطح ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق، یہ اضافہ بھارتی ڈیمز، پونگ اور بھاکرا سے پانی کے مسلسل اخراج کے باعث ہے۔ پونگ ڈیم 98 فیصد جبکہ بھاکرا ڈیم 96 فیصد بھرا ہوا ہے، جس سے دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔ سلیمانکی میں ہائی فلڈ کی صورتحال متوقع ہے، جہاں پانی کا اخراج تقریباً 132,000 کیوسک تک پہنچ سکتا ہے۔ اسی طرح، اسلام کے مقام پر درمیانی سے ہائی فلڈ کا خطرہ ہے، جہاں اخراج 95,700 کیوسک کے قریب ہے۔ آنے والے دنوں میں دونوں مقامات پر ہائی فلڈ کی صورتحال برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔

اس صورتحال میں قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، بورے والا، عارف والا اور بہاولنگر اضلاع کو ہائی فلڈ کا سامنا ہو سکتا ہے۔ زرعی زمینوں، دیہی آبادیوں اور کمزور انفراسٹرکچر کو سیلابی ریلوں سے شدید خطرہ لاحق ہے۔ ترجمان کے مطابق این ڈی ایم اے صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ لوگوں کے محفوظ انخلاء اور ریلیف سرگرمیوں کو یقینی بنایا جا سکے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور ہنگامی صورتحال میں ریسکیو 1122 یا متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔

مزید خبریں