وزیراعلی پنجاب کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ، طبی سہولیات، علاج معالجے اور ادویات کی فراہمی سمیت دیگر امور کا جائزہ

وزیراعلی مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں اضافے کا قابلِ قدر رجحان سامنے آیا ہے، بڑے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں 16 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

لاہور۔27ستمبر (اے پی پی):وزیراعلی مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں اضافے کا قابلِ قدر رجحان سامنے آیا ہے، بڑے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں 16 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔وزیراعلی کی زیر صدارت سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی آمد اور علاج معالجے سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔رپورٹ کے مطابق سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈی میں مریضوں کی تعداد میں21 فیصد، آئی پی ڈی (داخلہ) میں 11 فیصد جبکہ ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کی تعداد میں 9 فیصد اضافہ ہوا ہے،پنجاب کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی مجموعی تعداد 4 کروڑ 57 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ انٹرنل میڈیسن کے مریضوں میں26 فیصد، کارڈیالوجی کے مریضوں میں 12 فیصد جبکہ سرجری کے مریضوں میں 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح سرکاری ہسپتالوں میں بچوں اور امراضِ جلد کے مریضوں کی تعداد میں 9،9 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ای این ٹی مریضوں میں7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق سرکاری ہسپتالوں سے کینسر اور کارڈیک میڈیسن کے 21 لاکھ سے زائد پارسل بھی مریضوں کو فراہم کیے جا چکے ہیں۔اجلاس میں سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، علاج معالجے اور ادویات کی فراہمی سمیت دیگر امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔