نیویارک ۔3دسمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نےپاکستان اور 172 دیگر رکن ممالک کی حمایت سے چین کی جانب سے پیش کردہ قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی ہے جس کے تحت آئندہ سال سرمائی اولمپک اور پیرالیمپک گیمز کا انعقاد چین میں کرانے اور عالمی امن کے فروغ پر زور دیا گیا ہے۔ قرارداد میں رکن ریاستوں پر زور دیا گیا کہ بیجنگ میں 24ویں سرمائی اولمپک گیمز کے آغاز سے قبل انفرادی اور اجتماعی طور پر اولمپک گیمز کا اعلان کیا جائے۔سرمائی اولمپک آئندہ 4فروری سے شروع ہوں گی جو 20فروری تک جاری رہیں گی جس کے بعد 4مارچ سے پیرالیمپک گیمز شروع ہوں گی جو 13مارچ تک جاری رہیں گی۔
قرارداد کی شرائط کے تحت جنرل اسمبلی نے تسلیم کیا کہ کھیل اور سائنس متحد طاقت ہے کیونکہ انسانیت ایک تباہ کن عالمی وبا سے پرامن طور پر نکلنے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔اقوام متحدہ میں چین کے سفیر ژانگ جون نے کہا کہ اس قرارداد میں اتحاد اور تعاون کا ایک طاقت ور پیغام دیا گیا ہے جو کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے لیے بہت ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چین 2022 میں کھلے اور جامع سرمائی اولمپک کھیلوں کی میزبانی کے لیے پرعزم ہے، جو کورونا وائرس کی وبا کے خلاف قوت وعزم پیدا کرے گا کیونکہ یہ رواداری اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دیتا ہے۔
انہوں نے رکن ریاستوں پر زور دیا کہ وہ اولمپک اقدار کو مجروح کرنے والے کسی بھی اقدام کو مسترد کریں اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے تیار رہیں۔قبل ازیں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے’’ کھیل پائیدار ترقی کے لیے ‘‘ کے گروپ آف فرینڈز کے اجلاس میں خطاب کے دوران نوجوانوں میں کھیل کے فروغ کے پاکستانی عزم کا اعادہ کیا اور اس سلسلے میں نوجوانوں کے لیے کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو جیسے پروگرام کے آغاز پر روشنی ڈالی جس میں خواتین شمولیت کو بھی بڑی اہمیت دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھیل مختلف معاشروں، ثقافتوں اور پس منظر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو اکٹھا کرنے کی منفرد صلاحیت رکھتے ہیں، خاص طور پر معذور افراد کی سماجی شمولیت کو فروغ دینے میں پیرا لیمپکس کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن اور پائیدار ترقی کے اہداف(ایس ڈی جیز ) کو فروغ دینے کے لیے کھیلوں کی حقیقی صلاحیت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم غیرضروری وجوہات کی بنا پر مختلف ممالک میں کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد پر سیاست نہ کریں۔
اس موقع پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل نمائندہ عامر خان نے کہا کہ پاکستان کو اس قرارداد کو معاون کے طور پر سپانسرکرنے پر خوشی ہے ۔انہوں نےچین کو ملنے والی زبردست حمایت پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے جس میں خواتین اور لڑکیوں کی شرکت بھی شامل ہے، پاکستان کے نائب مستقل نمائندہ نے پائیدار ترقی کے 2030 ایجنڈے کے حصول میں مثبت کردار ادا کرنے پر زور دیا۔ عامر خان نے کھیلوں کے ایک کامیاب ایونٹ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔