جنرل راحیل شریف کا سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین

105

راولپنڈی ۔ 26 نومبر (اے پی پی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے مہمند ایجنسی میں دہشت گردوں کا حملہ کامیابی سے ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے،ہفتہ کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے مہمند ایجنسی میں گالانی کیمپ پردہشت گردوں کے حملہ پر چابکدستی اور فوری کارروائی کر کے اسے ناکام بنانے اور کئی قیمتی انسانی جانوں کو بچانے پر انہیں سراہا۔اس حملہ میں چاروں حملہ آور دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ اس دوران سیکیورٹی فورسز کے دو اہلکاروں نے بھی جام شہادت نوش کیا اور اپنی جانوں پر کھیل کر خودکش بمباروں کو ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا۔