جنوبی افریقا اور نیدرلینڈزکے درمیان آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا پندرہواں میچ کل کھیلا جائے گا

207
World Cup 2023 Final
World Cup 2023 Final

دھرم شالہ۔16اکتوبر (اے پی پی): انٹرنیشنل کرکٹ کونسل آئی سی سی کے زیر اہتمام آئی سی سی مینز ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں کل منگل کو ایک میچ کھیلا جائے گا، جس میں جنوبی افریقا اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ یہ میچ میگا ایونٹ کا پندرہواں میچ ہوگا اور دن 1 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام بھارت میں جاری آئی سی سی مینز ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کا 13واں ایڈیشن جاری ہے جس میں شائقین کرکٹ کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں ۔

میگا ایونٹ میں کل منگل کو ایک میچ کھیلا جائے گا جس میں جنوبی افریقا اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں ہماچل پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن سٹیڈیم، دھرم شالہ کے مقام پر پنجہ آزمائی کریں گی ۔ میچ دن 1 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔ میگا ایونٹ میں جنوبی افریقا کی ٹیم دو میچ کھیل چکی ہے اور اپنے دونوں میچز جیت چکی ہے۔ پروٹیز نے اپنے پہلے میچ میں آئی لینڈرز کو 102 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں کینگروز کو 134 رنز سے مات دی تھی۔ نیدرلینڈز بھی دو میچز کھیل چکی ہے اور اس کو دونوں میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

جنوبی افریقا کی ٹیم کو ٹیمبا بووما لیڈ کررہے ہیں جبکہ نیدرلینڈز کو وکٹ کیپر بلے باز سکاٹ ایڈورڈز لیڈ کر رہے ہیں۔ آسٹریلوی ٹیم کو سب سے زیادہ 5 مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں دو، دو مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہیں جبکہ پاکستان ، انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں ایک ایک مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔