جوہانسبرگ۔16دسمبر (اے پی پی):جنوبی افریقا اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز کل (منگل کو)بولینڈ پارک،پرل میں کھیلا جائے گا۔
اس سے قبل جنوبی افریقا کی ٹیم نے پاکستان کو تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں 0-2 سے شکست دی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ پاکستان کی کرکٹ ٹیم ان دنوں دورہ جنوبی افریقا پر ہے جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹی ٹونٹی،تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے علاوہ دو ٹیسٹ میچز بھی کھیلے گی۔
تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز مکمل ہوچکی ہے جس میں میزبان پروٹیز ٹیم نے گرین شرٹس کو 0-2 سے شکست دی تھی۔پاکستان ٹیم کی قیادت مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کر رہے ہیں جبکہ پروٹیز ٹیم کو ٹیمبا بووما لیڈ کر یں گے ۔دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ 19 دسمبر کو سپر سپورٹس پارک، سنچورین جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 22 دسمبر کو وانڈررز سٹیڈیم، جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔ون ڈے سیریز کے تینوں میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے اور فلڈلائٹس کی روشنی میں کھیلے جائیں گے۔
و ن ڈے سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 26 سے 30 دسمبر تک سنچورین میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 سے 7 جنوری 2025 تک کیپ ٹائون میں کھیلا جائے گا۔