ڈربن ۔ 12 فروری (اے پی پی) جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ (آج) بدھ سے ڈربن میں شروع ہو گا۔ سری لنکن ٹیم کو دورہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں عبرتناک شکستوں کے بعد اب پروٹیز کا چیلنج درپیش ہو گا۔ سری لنکن ٹیم دورے کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف دو ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ (آج) بدھ سے شروع ہو گا۔ دوسرا اور آخری ٹیسٹ 21 سے 25 فروری تک پورٹ الزبتھ پر میں کھیلا جائے گا۔ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز سے قبل سری لنکن ٹیم 28 فروری کو جنوبی افریقہ الیون کے خلاف پریکٹس میچ کھیلے گی۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے میچ 3 مارچ، دوسرا میچ 6 مارچ، تیسرا میچ 10 مارچ، چوتھا میچ 13 مارچ جبکہ پانچواں اور آخری میچ 16 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ 19 مارچ، دوسرا میچ 22 مارچ جبکہ تیسرا اور آخری میچ 24 مارچ کو کھیلا جائے گا۔