اقوام متحدہ کی جنوبی افریقہ میں تارکین وطن مخالف واقعات پر شہریوں سے تحمل اور قانون کی پاسداری کی اپیل
جنوبی افریقہ میں تارکین وطن کے خلاف حملوں پر اقوام متحدہ کی تشویش، تحمل اور قانون کی پاسداری کی اپیل

مزید خبریں
جوہانسبرگ۔13جون (اے پی پی):اقوام متحدہ نے جنوبی افریقہ کے مختلف علاقوں میں بڑھتے ہوئے تارکین وطن مخالف واقعات کے تناظر میں شہریوں سے تحمل، بردباری اور قانون کی حکمرانی کا احترام کرنے کی اپیل کی ہے۔
شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ کے جنوبی افریقہ میں دفتر کی جانب سے جاری بیان میں تارکین وطن کو درپیش دھمکیوں اور تشدد کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ بیان کے مطابق حالیہ واقعات میں ہلاکتیں، حملے، املاک کو نقصان، دھمکیاں، نفرت انگیز تقاریر اور دیگر مجرمانہ سرگرمیاں شامل ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتی ہے اور ہر قسم کے تشدد، قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کے رجحان اور نفرت پر اکسانے کی سخت مذمت کرتی ہے، کیونکہ یہ اقدامات قومی اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے اصولوں کے منافی ہیں۔اقوام متحدہ نے جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوساکے اس بیان کا خیرمقدم کیا جس میں انہوں نے شہریوں پر زور دیا تھا کہ وہ قانون کی پاسداری کریں اور خود انصاف کرنے کی کوشش نہ کریں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ اگرچہ معاشی اور سماجی مشکلات معاشرتی ہم آہنگی کو متاثر کرتی ہیں، تاہم ان مسائل کا حل قانونی ذرائع اور انسانی حقوق کے احترام کے ساتھ تلاش کیا جانا چاہیے۔اقوام متحدہ نے بتایا کہ وہ حکومتی اداروں، قانون نافذ کرنے والے محکموں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے ساتھ مل کر غیر ملکیوں سے نفرت اور اس سے پیدا ہونے والی کشیدگی کے خاتمے کے لیے کام کر رہی ہے۔بیان میں غلط معلومات اور نفرت انگیز بیانیوں کے پھیلاؤ کو روکنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔








