گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں جوڑی میلہ: سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا
حسن ابدال،جوڑی میلہ کے موقع پر سکھ یاتریوں کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کا جائزہ لیاگیا

مزید خبریں
حسن ابدال۔ 13 جون (اے پی پی):آر پی او راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک کے ہمراہ گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال کا دورہ کیا اور جوڑی میلہ کی تقریبات کے سلسلے میں سکھ یاتریوں کے لیے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک سردار غیاث گل خان اور ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا بھی موجود تھے۔ اعلیٰ حکام نے گوردوارے کے داخلی و خارجی راستوں، واک تھرو گیٹس، سیکیورٹی چیکنگ کے نظام اور مجموعی امن و امان کی صورتحال کا معائنہ کیا جبکہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام سے سیکیورٹی پلان پر بریفنگ بھی لی۔اس موقع پر آر پی او بابر سرفراز الپا نے ہدایت کی کہ سکھ یاتریوں کے جان و مال کے تحفظ اور انہیں پرامن ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے والے کسی بھی شرپسند عنصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی اور سیکیورٹی انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ یاتریوں کے لیے سفری، طبی اور دیگر سہولیات کے ساتھ ساتھ لنگر کے انتظامات کو بھی مؤثر اور فول پروف بنایا جائے تاکہ مذہبی تقریب کے دوران آنے والے مہمانوں کو کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔حکام کے مطابق جوڑی میلہ کی تقریبات کے دوران سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور تمام متعلقہ ادارے یاتریوں کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کرنے کے لیے باہمی تعاون سے فرائض انجام دے رہے ہیں








