جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 404رنز بنا کر آؤٹ ،آصف آفریدی کی ڈیبیو میچ میں 6وکٹیں

راولپنڈی۔22اکتوبر (اے پی پی):راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 71 رنز کی برتری کے ساتھ 404 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ سینیوران متھوسامی اور کاگیسو ربادا نے آخری وکٹ میں 98 رنز کی شاندار شراکت قائم کر کے ٹیم کو پہلی اننگز میں برتری دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ متھوسامی نے 89 اور ربادا نے 71 رنز بنائے۔ …

راولپنڈی۔22اکتوبر (اے پی پی):راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 71 رنز کی برتری کے ساتھ 404 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ سینیوران متھوسامی اور کاگیسو ربادا نے آخری وکٹ میں 98 رنز کی شاندار شراکت قائم کر کے ٹیم کو پہلی اننگز میں برتری دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ متھوسامی نے 89 اور ربادا نے 71 رنز بنائے۔ پاکستانی اسپنر آصف آفریدی نے اپنے ڈیبیو میچ میں زبردست کارکردگی دکھاتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کا دوسری اننگز میں آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور دن کے اختتام پر 94 کے مجموعی سکور پر اس کی 4 وکٹیں گر گئیں، بابر اعظم 49 اور محمد رضوان 16 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ سائمن ہارمر نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 185 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو ٹرسٹن سٹبز 68 اور کائل ویرین 10 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے ، کائل ویرین گزشتہ روز کے اسکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر آصف آفریدی کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ٹرسٹن سٹبز 76 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد آصف آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ اپنے اگلے اوور میں آصف آفریدی نے سائمن ہارمر کو 2 کے انفرادی سکور پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ مارکو یانسن آٹھویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 12 رنز بنا کر نعمان علی کا شکار بنے۔

متھوسامی اور کیشو مہاراج نے نویں وکٹ میں 71 رنز کی شراکت قائم کی، کیشو مہاراج 30 رنز بنانے کے بعد نعمان علی کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں اسٹمپ آؤٹ ہوئے۔ اس موقع پر سینیورن متھوسامی اور کاگیسو ربادا نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے آخری وکٹ میں 98 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کر دیا۔ کاگیسو ربادا 71 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلنے کے بعد آصف آفریدی کی گیند پر عبداللہ شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ان کی اننگز میں 4 چھکے اور اتنے ہی چوکے شامل تھے۔ سینیوران متھوسامی نے 89 رنز کی شکست اننگز کھیلی۔ اس طرح جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 71 رنز کی برتری کے ساتھ 404 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے آصف آفریدی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نعمان علی نے دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور ساجد خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور صرف 60 کے مجموعی اسکور پر چار اہم بیٹر پویلین لوٹ گئے۔ امام الحق 9، کپتان شان مسعود صفر، عبداللہ شفیق 6 اور سعود شکیل 11 رنز بنا سکے۔

اس موقع پر بابر اعظم اور محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور دن کے اختتام پر ٹیم کا اسکور 4 وکٹوں کے نقصان پر 94 رنز تک پہنچا دیا۔ بابر اعظم 49 اور محمد رضوان 16 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ پاکستان کو دوسری اننگز میں 23 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہو چکی ہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے سائمن ہارمر نے تین اور کاگیسو ربادا نے ایک وکٹ حاصل کی۔